بنگلورو۔6/ستمبر(ایس او نیوز) ریاستی کابینہ میں کل ہوئی معمولی توسیع کے دوران وزارت میں جگہ پانے والے سینئر کانگریس لیڈر ایم کرشنپا کو حسب توقع آج وزیراعلیٰ سدرامیا نے ہاؤزنگ کا قلمدان دے دیا۔ کرشنپا کو اس نئے قلمدان کے سلسلے میں وزیراعلیٰ سدرامیا نے گورنر واجو بھائی والا کو سفارش روانہ کی، جسے گورنر نے منظوری بھی دے دی ہے۔یاد رہے کہ پچھلی کابینہ ردوبدل سے قبل یہ قلمدان وکلیگا فرقہ کے سینئر لیڈر اور فلم اداکار امبریش کے پاس تھا۔ تاہم امبریش کو وزارت سے بے دخل کردیاگیا۔ اور ان کی جگہ پر وکلیگا فرقہ سے وابستہ ایم کرشنپا کو وزارت میں شامل کرکے انہیں یہ قلمدان سونپا گیاہے۔اس کے ساتھ ہی ریاست کے دو وزرائے مملکت ونئے کلکرنی اور اے منجو کو کابینہ درجہ دیتے ہوئے حکومت کی طرف سے سرکاری گزیٹ جاری کیا گیا ہے۔