بنگلورو،29؍جون(ایس او نیوز)کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی کے نئے کارگذار صدر اور شمالی کرناٹک کے انچارج ایس آر پاٹل نے آج کوڈلا سنگما میں منعقدہ بہت بڑے جلسۂ عام میں اپنا عہدہ سنبھالا اس موقع پر انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں ریاست میں کانگریس کو اقتدار پر برقرار رکھنے اور پہلے سے زیادہ مستحکم حکومت قائم کرنے کیلئے شمالی کرناٹک میں وہ مکمل جدوجہد کریں گے۔ آج اس سلسلے میں منعقدہ تقریب میں وزیراعلیٰ سدرامیا ، کے پی سی سی صدر ڈاکٹر جی پرمیشور ، اے آئی سی سی جنرل سکریٹری وینو گوپال ، ریاستی وزراء ، اراکین اسمبلی اور اراکین پارلیمان کی موجودگی میں ایس آر پاٹل نے اپنا عہدہ سنبھالا ۔انہوں نے کہا کہ آنے والے انتخابات کو مدنظر رکھتے ہوئے کاگریس اعلیٰ کمان نے انہیں اور دنیش گنڈو راؤ کو ڈاکٹر جی پرمیشور کی نیابت کرتے ہوئے شمال اور جنوب میں پارٹی کو آگے بڑھانے کا ذمہ سونپا ہے۔پوری دیانتداری کے ساتھ وہ اس ذمہ داری کو نبھائیں گے اور اعلیٰ کمان کی توقعات سے بڑھ کر پارٹی کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے تمام پارٹی کارکنوں کواعتماد میں لے کر کام کریں گے۔ علاقائی عدم توازن کو ختم کرنے اور شمالی کرناٹک کو بہتر نمائندگی دینے کے مقصد سے اعلیٰ کمان نے ایس آر پاٹل کو کے پی سی سی کارگذار صدر کی ذمہ داری سونپی ہے۔ شمالی کرناٹک کے پارٹی کارکنوں کو یقین ہے کہ ایس آر پاٹل ان علاقوں میں پارٹی کو اور مضبوط کرنے کی طرف پوری توجہ سے کام کرسکیں گے اور پارٹی کے تمام امیدواروں کو جو ان علاقوں سے وابستہ ہیں اعتماد میں لے کر پارٹی کارکنوں میں ایک نیا جوش وامنگ پیداکرنے میں کامیابی حاصل کریں گے۔ شمالی کرناٹک کے بیشتر علاقہ جہاں فرقہ پرست بی جے پی کاغلبہ ہے ان علاقوں میں بی جے پی کی اجارہ داری کو ختم کرنے کیلئے بھی ایس آر پاٹل کی قیادت میں واضح حکمت عملی وضع کی جائے گی۔