بنگلورو3؍ستمبر(ایس او نیوز) شہر میں بڑے نالوں پر غیر قانونی قبضوں کو ہٹانے کیلئے برہت بنگلور مہانگر پالیکے کی طرف سے جو انہدامی مہم کا سلسلہ شروع کیاگیا وہ گنیش تہوار کے فوراً بعد اگلے ہفتہ دوبارہ بحال ہوجائے گا۔ بی بی ایم پی کی طرف سے مہادیو پورہ ، بمن ہلی ، راجہ راجیشوری نگر، اور یلہنکا سمیت 35مقامات پر بڑے نالوں پر غیر قانونی قبضوں کی نشاندہی کرکے ان پر تعمیر مکانات اور دیگر عمارتوں کے مالکان کو واضح طور پر بتایا گیا ہے کہ منگل یا چہارشنبہ کو ان کے علاقہ میں انہدامی مہم چلائی جائے گی۔ان علاقوں میں گزشتہ تین روز سے بی بی ایم پی افسران نے سروے کیا، سروے کی رپورٹ حکومت کو جلد ہی روانہ کردی جائے گی۔ حکومت کی طرف سے جس علاقہ میں انہدامی مہم چلانے کا حکم ملے گا بی بی ایم پی وہاں کے مکانات منہدم کردے گی۔حکومت کو جو سروے رپورٹ پیش کی گئی ہے اس میں بڑے نالوں پر تعمیر شدہ اپارٹمنٹ ، بڑے شاپنگ مالس وغیرہ شامل ہیں۔ حکومت کی طرف سے انہیں منہدم کرنے کی ہدایت دی جاتی ہے یا پھر اس سروے رپورٹ کو نظر انداز کردیا جائے گا اس کے بارے میں ابھی تک کچھ واضح نہیں ہوا ہے۔عوام کے ایک حلقے کی طرف سے الزام لگایا جارہاہے کہ حکومت غریبوں کے مکانات منہدم کررہی ہے ، جبکہ اپارٹمنٹوں اور شاپنگ مالس کے مالکان کو بخش دیاجارہاہے۔ بی بی ایم پی افسران نے بتایاکہ اس تاثر کو ختم کرتے ہوئے حکومت کی طرف سے شاپنگ مالس اور بڑ ے اپارٹمنٹوں کے انہدام کیلئے منظوری دی جاسکتی ہے۔گنیش تہوار کے فوراً بعد ان شاپنگ مالس اور اپارٹمنٹوں کی طرف سے کئے گئے غیر قانونی قبضہ جات کو ہٹانے کی مہم کا باضابطہ آغاز ہوگا۔ بی بی ایم پی کے جوائٹ کمشنر ڈاکٹر ویر بھدرپا نے کہاکہ بڑے نالوں پر غیر قانونی قبضوں کو ہٹانے کیلئے جہاں بڑے پیمانے پر مہم جاری ہے ، اس کے پیش نظرراجہ راجیشوری نگر میں سابق وزیر باغبانی شامنور شیوشنکرپا کی ملکیت والی ایس ایس اسپتال کے نصف حصہ کو منہدم کیاجاسکتاہے۔