لکھنؤ،8 ؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )راشٹریہ لوک دل (آر ایل ڈی)کے ریاستی صدر ڈاکٹرمسود احمد نے ہفتہ کو کہا کہ وزیر اعلی اکھلیش یادو کی حکومت شہریوں کی صحت کے تئیں لاپرواہی برت رہی ہے،کئی ماہ سے مسلسل آگاہی اورمظاہرے کے باوجود اس حکومت کی نیند نہیں ٹوٹی ہے۔صوبے میں ڈینگو، چکن گنیا جیسی جان لیوا بیماریوں کا قہر بڑھتا ہی جا رہا ہے۔ڈاکٹرنے کہا کہ حکومت کی جانب سے ہائی کورٹ میں ریاست کے نوکر شاہ جھوٹے حلف نامے دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تقریبا تین سال پہلے ہزاروں کروڑ روپیہ مرکز حکومت کی طرف سے ڈینگو، چکن گنیا اور انسفلائٹس جیسی جان لیوا بیماریوں کی روک تھام کے لئے آئے تھے لیکن ریاستی حکومت نے اسے لوٹا دیا،گذشتہ کئی ماہ سے دارالحکومت سمیت ریاست کے کئی اضلاع میں خوفناک صورتحال بنی ہوئی ہے۔پوروانچل میں انسیفلاٹس کے قہر سے بچے مررہے ہیں لیکن حکومت کے وزیر اعلی خود اپنی پیٹھ تھپتھپاتے ہوئے اقتدار میں دوبارہ واپسی کا خواب دیکھ رہے ہیں۔آر ایل ڈی صدر نے زور دے کر کہا کہ جلد ہی پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری جینت چودھری کی قیادت میں اسمبلی عمارت کا گھیراؤ کرکے ریاستی حکومت کی تعلیم، صحت اور کسان اور مزدور مخالف پالیسیوں کو بے نقاب کیا جائے گا۔