ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اڈپی میں لگاتار بھاری برسات کے بعد نشیبی علاقوں میں بھر گیا پانی - ندیوں میں آئی طغیانی 

اڈپی میں لگاتار بھاری برسات کے بعد نشیبی علاقوں میں بھر گیا پانی - ندیوں میں آئی طغیانی 

Tue, 16 Jul 2024 17:53:39    S.O. News Service

اڈپی،  16 / جولائی (ایس او نیوز) اڈپی ضلع میں موسلا دھار بارش کے نتیجے میں ندیوں میں طغیانی آ گئی اور کئی مقامات پر نشیبی اور رہائشی علاقوں میں پانی بھر گیا ۔
    
موصولہ رپورٹ کے مطابق کئی ندیوں اور نہروں میں سیلاب آنے کی وجہ سے وہ اپنی سطح سے ابل کر بہہ رہی ہیں اس کی وجہ سے بھی نشیبی علاقوں کے گھروں میں پانی گھس گیا ہے ۔ میدانوں میں پانی جمع ہونے کے علاوہ سڑکیں پانی کے اندر ڈّوب گئی ہیں جس کے سڑکوں سے گزرنے والوں کو راستہ دکھائی نہیں دے رہا ہے ۔
    
سیتا ندی میں طغیانی کی وجہ سے سڑکوں پر پانی بہنے لگا تو ہیبری - آگمبے روڈ کو ٹریفک کے لئے عارضی طور پر بند کرتے ہوئے اور اڈپی سے شیموگہ جانے والی ٹریفک کو متبادل راستوں کی طرف موڑ دیا گیا ۔ 
    
برہماورا کے اُوپور کی ندی میں سیلاب کی وجہ سے سرکاری اسکول کے احاطے میں پانی گھس گیا ۔ اسکول کے کھیل کے میدان میں پانی گھسنے لگا تو پیشگی احتیاطی قدم کے طور پر اسکول کے دستاویزات، کتابوں، کمپیوٹر اور دیگر ساز و سامان کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا ۔ برساتی پانی کئی گھروں کے اندر گھس گیا ۔ 
    
اس علاقے میں ہر سال مانسون کے دوران ندی میں سیلاب آتا ہے اور ندی کا پانی اپنی سطح سے اوپر بہنے کی وجہ سے رہائشی علاقے میں پانی بھر جاتا ہے ۔ مقامی لوگ اس مسئلے کو حل کرنے کے لئے ضلع انتظامیہ سے اس دیوار کے کناروں پر رکاوٹی دیوار تعمیر کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں ۔ 
    
اوپور سرکاری اسکول کے ٹیچر پرشانت شیٹی نےبتایا کہ " شیموگہ اور چکمگلورو جیسے اوپری علاقے میں تیز برسات ہونے پر نشیبی علاقوں کی ندیوں میں سیلاب آتا ہے اور وہ اپنی سطح سے ابلنے لگتی ہیں جس کے نتیجے میں نشیبی علاقے میں پانی گھسنے لگتا ہے ۔ اسکول کے احاطے میں بہت زیادہ پانی جمع ہوگیا ہے ۔ اگر بارش یونہی جاری رہی تو یہ پانی اسکول کے اندر بھی گھس جائے گا ۔ ہم نے پڑھائی لکھائی سے متعلق ساز و سامان منتقل کر دیا ہے ۔ چونکہ ڈی سی نے اسکول کو چھٹی دے رکھی ہے اس لئے سیلابی کیفیت کوئی خاص مسئلہ پیدا نہیں ہوا ۔"   


Share: