چنتامنی:10/ستمبر(محمد اسلم/ایس او نیوز) آج صبح سویرے چنتامنی تعلق مرغ ملہ گاؤں کے راستے کے کنارے سورہی ضعیف خاتون کو اسکول کی ایک بس نے کچل دیا، جس سے ضعیف خاتون کی موت واقع ہوگئی زرائع سے ملی اطلاع کے مطابق کولار ضلع کیلنور گرام چنسندرا گاؤں کی ساکنہ جمیلہ جان(55)پچھلے کئی مہینوں سے مرغ ملہ درگاہ کے پاس بھیک وغیرہ مانگ کر زندگی بسر کررہی تھی کل رات وہ ضعیف خاتون مرغ ملہ سرکاری اسکول کے روبرو راستے کے کنارے سورہی تھی جس کے دوران اسکول کے بچوں کو بھر کر جارہی بس نے راستے کے کنارے سورہی اس ضعیف خاتون کو کچل دیا جس سے موقع پر ہی اس کی موت واقع ہوگئی۔
واقعے سےبرہم مقامی لوگوں نے اسکول کی بس کو روک کر احتجاج کیا احتجاجیوں نے کہا کہ پچھلے کئی برسوں سے مرغ ملہ درگاہ کے پاس چند احباب لاوارث لوگوں کو لاکر یہاں چھوڑ کر چلے جاتے ہیں پچھلے چند دنوں قبل درگاہ کے احاطے کمرشیل کامپلکس میں دو لاوارث عورتیں بھوک اور بیماری کے سبب ہلاک ہوگئے ایسے بیشتر واقعات یہاں پیش آتے رہتے ہیں گذشتہ چند دنوں پہلے چکبالاپور ضلع انتظامیہ نے درگاہ کے پاس موجود بھکاریوں اور لاوراث لوگوں کی نشاندہی کرکے انہیں ضلع کے یتیم خانہ پہنچایا گیا تھا، اُس وقت درگاہ کے پاس بھکاریوں کی تعداد کچھ کم ہوگئی تھی اب پھر سے درگاہ کے پاس بھکاریوں کی تعداد اور لاوراث لوگوں کی تعداد بڑھ گئی ہے اس لئے ضلع انتظامیہ کو چاہئے کہ پھر سے کارروائی کرتے ہوئے درگاہ کے پاس موجود بھکاریوں اور لاوراث لوگوں کو ضلع انتظامیہ تحویل میں لیکر انھیں یتیم خانہ بھیجا جائے ۔احتجاجیوں نے مزید کہا کہ اگر کوئی شخص درگاہ کے پاس لاوراث لوگوں کو لاکر چھوڑ کر گئے تو ان کا پتہ لگاکر ان کے خلاف سختی سے قانونی کارروائی کی جائے اس احتجاج کے موقع پر کنچارہلی رورل پولیس کے پولیس اہلکاروں نے احتجاجیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اُنہیں ٹھنڈا کر اسکول بس کو وہاں سے بھیج دیا اور جمیلہ کی نعش کو چنتامنی کے سرکاری اسپتال میں پوسٹ مارٹم کے بعد ان کے بیٹے کے حوالے کردیا۔