ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اسمبلی کے ضمنی انتخابات میں انڈیا اتحاد کی شاندار کامیابی 13 میں سے 10 سیٹوں پردرج کی جیت

اسمبلی کے ضمنی انتخابات میں انڈیا اتحاد کی شاندار کامیابی 13 میں سے 10 سیٹوں پردرج کی جیت

Sat, 13 Jul 2024 18:30:25    S.O. News Service

نئی دہلی ، 13/جولائی (ایس او نیوز /ایجنسی) سات ریاستوں کی 13 /اسمبلی سیٹوں پر ہوئے ضمنی انتخابات میں انڈیا اتحاد نے شاندار کامیابی حاصل  کرتے ہوئے دس پر جیت  درج کرلی ہے، بی جے پی صرف دو سیٹوں پر کامیابی ملی  جبکہ ایک آزاد اُمیدوار  بھی ایک سیٹ جیتنے میں کامیاب ہوا۔

یہ ضمنی انتخابات بدھ کو مغربی بنگال کی چار سیٹوں، ہماچل پردیش کی تین سیٹوں، اتراکھنڈ کی دو سیٹوں اور پنجاب، مدھیہ پردیش، بہار اور تمل ناڈو کی ایک ایک سیٹ پر منعقد ہوئے تھے۔جس میں   بی جے پی کو صرف ہماچل پردیش کی ہمیر پور اور مدھیہ پردیش کی امرگڑھ سیٹ پر کامیابی ملی ہے جبکہ بہار کی روپولی سیٹ پر ایک آزاد امیدوار  کو جیت  ملی  ہے۔

 تمل ناڈو کے وکراونڈی اسمبلی حلقے میں ڈی ایم کے امیدوار کو  شاندار کامیابی حاصل ہوئی ہے،  یہاں آنّی یور سیوا نے این ڈی اے  حمایت یافتہ اُمیدوار کو  67,757 ووٹ سے شکست دی۔ اسی طرح مغربی بنگال کی چار سیٹوں میں ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کے امیدواروں نے جیت درج کی۔یہاں کرشنا کلیانی نے رائے گنج اسمبلی سیٹ پر بی جے پی کے مناس کمار گھوش کو 50,077 ووٹوں سے ہرادیا اور مکوت نامی ادھیکاری نے راناگھاٹ دکشن میں بی جے پی کے منوج کمار بسواس کو 74,485 ووٹوں سے شکست دی۔ٹی ایم سی کی مدھوپرنا ٹھاکر نے باگدا میں بی جے پی کے بنائے کمار بسواس کو 74,251 ووٹوں سے اور سپتی پانڈے نے بی جے پی کے کلیان چوبے کو 62,312 ووٹوں سے شکست دی۔

ہماچل پردیش کے وزیر اعلیٰ سکھوندر سنگھ سکھو کی اہلیہ اور کانگریس کی امیدوار کملیش  ٹھاکر نے دیہرا  اسمبلی سیٹ پر بی جے پی کے ہوشیار سنگھ کو 9,399 ووٹوں سے شکست دی۔ نالاگڑھ میں کانگریس کے ہردیپ سنگھ باوا نے بی جے پی کے کے ایل ٹھاکر کو 25,618 ووٹوں سے ہرادیا۔

اتراکھنڈ میں کانگریس کے امیدوار بدری ناتھ اور منگلور ضمنی انتخابات کے لیے لکشپت سنگھ بوٹولا اور قاضی محمد نظام الدین نے اپنے سیٹیں جیت لیں۔

بدری ناتھ سیٹ پر بوٹولا نے بی جے پی کے سابق وزیر اور ایم ایل اے راجندر سنگھ بھنڈاری کو 5,224 ووٹوں کے فرق سے شکست دی، جبکہ نظام الدین نے بی جے پی کے کرتار سنگھ بھدانا  کو  422 ووٹوں کے معمولی فرق سے شکست دی۔

مدھیہ پردیش میں بی جے پی کے کملیش پرتاپ شاہ نے امرواڑہ اسمبلی سیٹ پر 3,027 ووٹوں کے فرق سے کانگریس کے دھیرن ساہ  اینواتی کو شکست دی، جبکہ بہارکے روپاولی سیٹ پر آزاد امیدوار شنکر سنگھ نے قریبی حریف  جے ڈی یو کے کلادھر پرساد منڈل کو 8,246 ووٹوں  سے ہرادیا۔


Share: