ٹمکور۔18؍ستمبر(ایس او نیوز) وزیر برائے شہری ترقیات وحج جناب روشن بیگ نے کل اپنے دورۂ ٹمکور کے دوران کئی اہم ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے علاوہ ترقیاتی کاموں کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ٹمکور سٹی کارپوریشن کے دفتر میں منعقدہ جائزہ اجلاس کے دوران انہوں نے ٹمکور کو اسمارٹ سٹی بنانے کے منصوبے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے بتایاکہ اسمارٹ سٹی کو صرف خواب کے طور پر دیکھنے کی بجائے اس کی تعبیر کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں۔ جناب روشن بیگ نے محکمہ کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے بتایاکہ صرف شہر کو وائی فائی بنانے یا ایم جی روڈ میں ایل ای ڈی لائٹ نصب کرنے سے ٹمکور اسمارٹ سٹی نہیں بنے گا ، اس کیلئے عوام کے معیار زندگی کو بلند کرنا ہے۔ سڑکوں کی سدھار ، بنیادی سہولیات کی فراہمی ، عوامی مسائل کی عاجلانہ یکسوئی ، عمدہ ٹرانسپورٹ نظام ، تمالم افراد کو رہائشی سہولیات ، بچوں کیلئے عمدہ پلے گراؤنڈس ،سویمنگ پول ،امیوزمینٹ پارک، ہائی ٹیک مذبحہ خانہ کی تعمیر ضروری ہے۔ اسی طرح ہر گھر کیلئے بیت الخلاء کا ہونا لازمی ہے۔ وزیر موصوف نے افسران کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایاکہ شہر میں 38 جھونپڑ پٹی علاقے موجود ہیں۔ یہاں کے مکینوں کو بھی اپنے مکان کا خواب ہوتاہے، ایسے میں انہیں پکے مکانات فراہم کئے جائیں۔ انہوں نے ٹمکور اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے افسران کو ہدایت دی کہ شہر کے مختلف مقامات پر بچوں کیلئے پلے گراؤنڈ ، اسٹیڈیم ، سوئمنگ پول ، امیوزمینٹ پارک اور بوٹنگ وغیرہ کی سہولت فراہم کرنے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے شہر میں موجود قبرستانوں اور شمشان گھاٹوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے علاوہ مزید قبرستانوں کی تعمیر کیلئے ہدایت دی جس پر ڈپٹی کمشنر کے پی موہن راج نے بتایاکہ اس خصوص میں اگلے ہفتے محکمۂ مالگذاری کے افسران کا اجلاس طلب کیا گیا ہے، جناب روشن بیگ نے الیکٹرک شمشان گھاٹوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایاکہ ان شمشان گھاٹوں میں جنریٹر کا انتظام کیاجائے۔ مذبحہ خانے کاذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایاکہ ٹمکور میں جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ ہائی ٹیک مذبحہ خانہ تعمیر کیا جائے۔اس خصوص میں ممبئی میں موجود مذبحہ خانے کا جائزہ لینے کے بعد لائحہ عمل تیار کیا جائے۔ اس پر ڈپٹی کمشنر نے تیقن دیا کہ اندرون ماہ ہائی ٹیک مذبحہ خانہ کیلئے جگہ کی نشاندہی کی جائے گی۔ جناب روشن بیگ نے شہر میں راج کالوے اور سرکاری زمینات پر ہوئی تعمیر ات کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت دیتے ہوئے بتایاکہ سرکاری زمینات پر قبضہ کرنے والے افراد چاہے جتنے بھی بارسوخ کیوں نہ ہوں ان کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی عمارتوں کو منہدم کیاجائے اور تالابوں کے تحفظ کیلئے فوری کارروائی کی جائے۔ سوچھ بھارت ابھیان کو صرف ایک تشہیری مہم قرار دیتے ہوئے جناب روشن بیگ نے بتایاکہ ٹمکور میں 13؍ ہزار بیت الخلاء تعمیر کرنے کا نشانہ مقرر کیاگیا ہے، مگر اب تک صرف دو سو بیت الخلاء تعمیر کئے گئے ہیں۔اگر یہی حال رہا تو وبائی امراض کا خدشہ لاحق رہے گا۔ انہوں نے بتایاکہ سوچھ بھارت ابھیان کی تشہیر اداکارہ ودیا بالن خود ڈینگو میں مبتلا ہیں، ایسے میں سوچھ بھارت کے مقاصد کی تکمیل کس طرح ممکن ہے۔ رنگ روڈ کی خستہ حالت پر ٹوڈا کمشنر رنگا سوامی سے جناب روشن بیگ نے سوال کیا کہ کیا اسمارٹ سٹی کا خواب دیکھنے والے ٹمکور کیلئے عمدہ رنگ روڈ کی ضرورت نہیں ہے؟ جس پر رکن پارلیمان ایس پی مدا ہنومے گوڈا نے بتایاکہ اس کی ترقی کیلئے مرکزی حکومت سے 30 کروڑ روپے جاری کرنے کی درخواست کی گئی ۔ رکن اسمبلی ڈاکٹر رفیق احمد نے بتایاکہ رنگ روڈ کی ترقی کیلئے ٹوڈا کے پاس فنڈنہیں ہے۔ شہر میں آپٹیکل فائبر کیبل (او ایف سی) کے معاملے پر وزیر موصوف نے کارپوریشن کمشنر کو فوراً رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ، اسی طرح کیبل نیٹ ورک سے واجب الادا ٹیکس کی وصولی کیلئے ڈپٹی کمشنر احکامات جاری کئے ۔اس موقع پر وزیر موصوف نے ٹیکس وصولی ، انڈرگراؤنڈ ڈرینج ، آبی سربراہی، سڑکوں کی مرمت وغیرہ منصوبوں کا جائزہ لیا۔ اور ٹیکس وصولی میں اضافہ کیلئے احکامات جاری کرتے ہوئے خاکروبوں کو مناسب اجرت فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ اس موقع پر میئر یشودھما ، کارپوریشن کمشنر اشہد الرحمن شریف ، اور دیگر موجود تھے۔
علیحدہ کمشنریٹ:اس موقع پر اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے جناب روشن بیگ نے بتایاکہ اب تک میونسپل کارپوریشن اور اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹیاں بلدیہ انتظامیہ ڈائرکٹوریٹ کے تحت آر ہے تھے جس کے سبب منصوبوں کی اجرائی اور نگرانی میں دشواریاں پیش آرہی تھیں، جس کے پیش نظر سینئر آئی اے ایس افسر کی قیادت میں علیحدہ کمشنریٹ کے قیام کا منصوبہ زیر غور ہے۔اس خصوص میں تبادلۂ خیال کیلئے بجز بنگلور تمام دس میونسپل کارپوریشن اور تمام 30اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹیوں کے کمشنروں کا اجلاس 19؍ ستمبر بروز پیر بنگلور میں طلب کیاگیا ہے۔
ترقیاتی کاموں کا جائزہ: جناب روشن بیگ کی شہر آمد پر ٹمکور ضلع کانگریس کمیٹی صدر ایس شفیع احمد ، رکن پارلیمان ایس پی مدا ہنومے گوڈا ، اراکین اسمبلی ڈاکٹر رفیق احمد شیخ، کے این راجنا ، میئر یشودھما ، کارپوریشن کمشنر اشہد الرحمن شریف، کارپوریٹرس نیاز احمد، ندی چچا ، حضرت مدار شاہ مکان وقف کمیٹی کے صدر محبوب پاشاہ، سکریٹری محمد ایاز وغیرہ نے ایچ ایم ایس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی میں شاندار استقبال کیا۔اس موقع پر جناب روشن بیگ کو تہنیت پیش کرتے ہوئے شفیع احمد نے بتایاکہ ایچ ایم ایس انجینئرنگ کالج کے قیام کیلئے جناب روشن بیگ ذمہ دار ہیں۔ ان کے تعاون کے بغیر یہ ادارہ کبھی قائم نہ ہوتا۔ بعد ازاں وزیر موصوف نے پارک سمیت مختلف ترقیاتی کاموں کا افتتاح کیا اور انڈر گراؤنڈ ڈرینج کے علاوہ مختلف ترقیاتی منصوبوں اور ٹمکور تالاب میں جاری منصوبوں کا جائزہ لیا۔ اسی طرح سدگنگا مٹھ پہنچ کر ڈاکٹر شیوکمار سوامی جی سے ملاقات کی۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے گبی ویرنا کلاکشیترا میں منعقدہ وشوا کرما جینتی کا افتتاح بھی کیا۔ واپسی پر جناب روشن بیگ نے کیسر مڑو میں واقع درگاہ حضرت مومن باشاہ قادریؒ پر حاضر ی دی۔