ریاض،31؍اگست(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی کی برق رفتار ترقی نے جہاں روز مرہ معمولات زندگی میں انسان کے لیے ہمہ نوع آسانیاں اور سہولیات پیدا کی ہیں وہیں انفارمیشن ٹیکنالوجی عازمین حج کے لیے بھی کسی تحفے سے کم نہیں کیونکہ اسمارٹ اپیلی کیشنز سے عازمین حج کو مناسک حج کے بارے میں مناسب رہ نمائی فراہم کرنے کی منفرد کوشش کی گئی ہے۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی، اسمارٹ فون اور اسمارٹ ایپلی کیشنز سے جہاں عازمین حج کو اپنے اقارب سے رابطے کی بہتر اور بروقت سہولت مہیا کی ہے وہیں عازمین حج مناسک حج، حج کے طریقہ کار، حج کے مسائل اور مشاعر مقدسہ کو سمجھنے میں بھی رہ نمائی حاصل کرسکتیہیں۔ اسمارٹ اپیلی کیشن کی مدد سے کوئی بھی عازم حج وعمرہ با آسانی یہ جان سکتا ہے کہ عمرہ اور حج کے فرائض کی انجا دہی میں کون سے امور حرام اور کون سے مباح، سنت، واجب اور فرض ہیں۔ نیز انہیں کس ترتیب سے حج یا عمرہ کے فرائض ادا کرنے ہیں۔
المطوف Mutawef نامی اپیلی کیشن عازمین حج کے لیے بیت اللہ کے طواف میں رہ نمائی کے لیے تیار کی گئی ہے۔ اسمارٹ فون میں اس اپیلی کیشن کی مدد سے مشاعر مقدسہ میں رش کے بارے میں فوری معلومات فراہم کی جاتی ہیں۔ ایپلی کیشن میں طواف کعبہ کے لیے بنائی گئی مختلف منازل کا نقشہ اور دیگر معلومات، صفا اور مروہ کے درمیان سعی کے مقام، رمی جمرات کی طرف جانے والے راستے کی رہ نمائی، حج وعمرہ کی ادائی سے متعلق فقہی مسائل، ضروری آداب اور ہرمقام کے لیے مختص اذکار مسنونہ اس اپیلی کیشن کا اہم جزو ہیں۔
((Hajj and Umra Guideیہ ایپلی کیشن عربی زبان سے ناواقف عازمین حج وعمرہ کے لیے ایک رہ نما کتاب کی حیثیت رکھتی ہے۔ اس میں مختلف زبانوں میں حج کے قدم بہ قدم آداب اور مناسک، حج سے متعلق ضروری فقہی مسائل، حج کی شرائط، واجبات، صفات، فضائل، آداب، مواقیت، احرام کے بارے میں معلومات کے ساتھ ساتھ ان غلطیوں کی نشاندہی کی گئی ہے جو عموما حج یا عمرہ کے موقع پر حجاج و معتمرین سے سرزد ہوتی ہیں۔