غزہ،10؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)اسرائیلی ذرائع ابلاغ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ گذشتہ روز فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کی سرحد کے قریب فضاء میں موجود ایک چھوٹے بغیر پائلٹ ڈرون طیارے پر اسرائیلی فوج نے فائرنگ کی تاہم فلسطینی مجاھدین ڈرون طیارے کو بہ حفاظت واپس لے جانے میں کامیاب رہے۔عبرانی زبان میں نشریات پیش کرنے والے ٹی وی چینل 2نے فوجی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا کہ گذشتہ روز فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کی سرحد پر ایک چھوٹے ڈرون کو دیکھا گیا جو جدید کیمروں سے لیس تھا۔ اس ڈرون کو غزہ کی پٹی میں ایک پک اپ گاڑی پر نصب کیا گیا تھا جسے فضاء میں چھوڑا گیا۔ ڈرون کو فلسطینی مزاحمت کار کنٹرول کررہے تھے۔ ڈرون کے فضاء میں داخل ہوتے ہی اسرائیلی فوج نے اس پر فائرنگ کردی تاہم ڈرون کو فائرنگ سے نقصان نہیں پہنچا۔ فلسطینی مزاحمت کار جاسوس طیارے کو واپس لے جانے میں کامیاب رہے۔