نئی دہلی،12اکتوبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)اسٹیٹ کونسلر بننے کے بعد میانمار کی لیڈر ڈاکٹر آنگ سان سو چی16اکتوبر کو اپنے پہلے دورے پر چار دن کیلئے بھارت پہونچیں گی۔اس دوران وہ گوا میں برکس،بمسٹیک ریچ کانفرنس میں شامل ہوں گی اور وزیر اعظم نریندر مودی سے اہم دوطرفہ اور علاقائی مسائل پر تبادلہ خیال کریں گی۔وزارت خارجہ نے آج ان کے سفر کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مودی کی دعوت پرسو چی 17سے 19اکتوبر تک بھارت کی سرکاری دورے پر ہوں گی۔وزارت خارجہ نے کہا کہ 16اکتوبر کو گوا میں منعقدہونے والے برکس کانفرنس کے اختتام کے فوری بعد وہ سرکاری دورہ پرہوں گی۔وہ میانمار کے وفد کی قیادت کریں گی۔سو چی کی نیشنل لیگ فار ڈیموکریسی نے پانچ دہائیوں کی فوجی حکومت کو ختم کرتے ہوئے اس سال مارچ میں اقتدارحاصل کیاتھا۔وہ ملک کی خارجہ وزیر ہیں۔وزارت خارجہ نے کہاکہ اسٹیٹ کونسلر کا دورہ دونوں فریقوں کو باہمی دلچسپی کے معاملات پر بات کرنے کا اور دونوں ممالک کے درمیان موجودہ قریبی دوستانہ تعلقات کومزیدمضبوط کرنے کے راستے تلاش کرنے کا موقع فراہم کرے گی۔فہرست کے ساتھ کئی اہم وزیراورسینئرافسر ہوں گے۔ذرائع کے مطابق دوطرفہ میٹنگ میں سرحد کے انتظام پر اور بھارت میانمارسرحدپرعسکریت پسندوں کی سرگرمیوں کوروکنے کے طریقوں پر بات چیت ہو سکتی ہے. دونوں طرف تجارتی تعلقات مضبوط کرنے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کر سکتے ہیں۔اس سے پہلے اگست میں میانمار کے صدر یو تن کیاو نے بھارت کادورہ کیاتھااوروزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ تفصیلی بات چیت کی تھی۔میانمار نے ہندوستان کو یقین دلایا تھا کہ وہ کسی عسکریت پسند گروپ کو بھارت کے خلاف اپنے علاقے کا استعمال نہیں کرنے دے گا۔اسٹیٹ کونسلر سو چی اپنے سفر میں صدر پرنب مکھرجی اور وزیر خارجہ سشما سوراج سے بھی ملاقات کریں گی۔وہ صنعت کاروں کی ایک تقریب میں بھی شرکت کریں گی.