لکھنؤ،8 ؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )کانگریس نائب صدر راہل گاندھی کے متنازع بیان کو لے کر بی جے پی ہفتہ کو پورے اترپردیش میں دھرنادینے جا رہی ہے۔اس دوران ’’بھارتی سینا کااپمان،نہیں سہے گا ہندوستان‘‘، نعرے کے ساتھ بی جے پی راہل گاندھی کا پتلا بھی پھوکیں گے۔بی جے پی کے میڈیا انچارج منیش شکلا نے بتایا کہ پارٹی کے ریاستی صدر کیشو پرساد موریہ نے جمعہ دیر رات کانگریس اور راہل گاندھی کے خلاف ریاست بھر تحریک کرنے کا فیصلہ کیا۔کیشو موریہ نے پارٹی کی تمام ضلع یونٹس کو ہدایت دی ہے کہ وہ راہل گاندھی کے نامناسب اورتوہین آمیز تبصرہ کے خلاف زوردار مظاہرہ کریں ۔غور طلب ہے کہ راہل گاندھی نے سرجیکل اسٹرائیک پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف متنازعہ تبصرہ کیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ مودی فوج کے جوانوں کے خون کی دلالی کر رہے ہیں۔راہل گاندھی کے اس بیان سے بی جے پی کے لوگ انتہائی مشتعل ہیں۔