ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / آر ایس ایس نے اونم کے پیچھے کی کہانی پر سوال کھڑا کرتے ہوئے پیدا کیا نیا تنازعہ

آر ایس ایس نے اونم کے پیچھے کی کہانی پر سوال کھڑا کرتے ہوئے پیدا کیا نیا تنازعہ

Mon, 12 Sep 2016 00:15:04    S.O. News Service

تروونت پورم، 11/ستمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)کیرالہ میں اونم منانے کی تیاری میں لوگوں کے جٹنے کے درمیان راشٹریہ سوئم سیوک سنگھ (آر ایس ایس)نے اس دلیل کے ساتھ اس تہوار کے پیچھے کی کہانی پر سوال کھڑا کر دیا کہ یہ بھگوان وشنو کے اوتاروامن کی پیدائش پرمنایا جانے والا تہوار ہے، نہ کہ دتیہ راج مہابلی کی گھر واپسی پر منایا جانے والا تہوار ہے۔آر ایس ایس کے ترجمان اخبار ’کیسری‘کے اونم خصوصی شمارے میں ایک مضمون میں دعوی کیاگیا ہے کہ کسی بھی مذہبی گرنتھ میں ایسا تذکرہ نہیں ہے جو اس مقبول کہانی کی حمایت کرے کہ وامن نے مہابلی کو دھوکہ سے پاتال لوک بھیج دیا تھا اور وہ ہر سال یہاں اپنی رعایا سے ملنے آتے ہیں۔اس دلیل کی مخالفت کرتے ہوئے سینئر سی پی ایم لیڈر اور ریاست کے وزیر صحت کے کے شیالاجا نے کہا کہ اونم ذات، عقیدہ اور مذہب سے اٹھ کر منایا جاتا ہے اور آر ایس ایس اعلی ذات کے گزشتہ غلبہ کو واپس لانے کی کوشش کررہا ہے۔وزیر صحت نے الزام لگایا کہ یہ اس تہوار کو اغوا کرنے کے ایجنڈے کا حصہ ہے۔ریاست میں مقبول عام روایت ہے کہ ملیالم مہینہ چنگم میں اپنی رعایا سے ملنے کے لیے مہابلی کی گھر و اپسی کو ہر سال تروا ونم کی شکل میں منایا جاتا ہے جو اس سال 14/ستمبر کو ہے۔حالانکہ آر ایس ایس کی میگزین میں کے اونی کرشنن نمبوتری کے مضمون میں دلیل دی گئی ہے کہ اونم بنیادی طور پروامن بھگوان کی سالگرہ پر منایا جاتا تھا نہ کہ دتیہ راج کی گھر واپسی کی خوشی میں۔مضمون میں کہا گیا ہے کہ مذہبی گرنتھ یااشعار میں کہیں بھی اس کہانی کے حق میں کوئی سیاق و سباق یا تشریح  نہیں ہے کہ مہابلی کو وامن نے پاتال لو ک بھیج دیا تھا اور وہ اپنی رعایا سے ملنے ہر سال آتے ہیں۔پھر ایسے میں کیرالہ میں ایسی جھوٹی کہانی کس طرح مقبول عام ہے۔مضمون میں کہا گیا ہے کہ درحقیقت وشنو نے مہابلی کو پاتال لوک بھیج کر ان کو سزا نہیں بلکہ آشیرواد دیا تھا۔مضمون میں دعوی کیا گیا ہے بھگوتم یا نارائنیم جیسی روحانی گرنتھ یا ایسی کسی دوسری کتاب میں ایسا کوئی اشارہ نہیں ہے کہ مہابلی کو پاتال لو ک بھیج دیا گیا۔اس کے برعکس اس طرح کے گرنتھ کہتے ہیں کہ عظیم بادشاہ وامن کے امتحان میں کامیاب ہو کر سامنے آئے اور انہیں بھگوان نے آشیرواد دیا۔مضمون نگار نے مہابلی کو بڑی بڑی مونچھوں والے، لمبی پیٹ والے اور تاڑ کے پتے کے طور پر چھتری (اولاکو دا)لینے والے کے طور پر پیش کرنے کی تنقید کی۔انہوں نے لکھاکہ یہ کچھ  مفادپرست عناصر کی افسانوی کہانیوں کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے اور ہندو روایات کو غلط طریقے سے پیش کرنے کی کوشش ہے، ایسی کوششوں پر روک لگنی چاہیے۔
 


Share: