بنگلورو۔7/اکتوبر(ایس او نیوز) کاویری طاس کے آبی ذخائر میں صورتحال کا جائزہ لے کر مرکزی حکومت کو اپنی رپورٹ پیش کرنے کیلئے مرکزی وزارت آبی وسائل کی طرف سے تکنیکی ماہرین کی ٹیم 7/ اور 8/اکتوبر کو ریاست کا دورہ کرے گی۔مرکزی حکومت کے دریائی ترقیات اور گنگا صفائی مہم کمیشن کے چیرمین جی ایس جھا کی قیادت والی ٹیم کرناٹک کا معائنہ کرے گی۔وزیر برائے آبی وسائل ایم بی پاٹل نے آج یہ بات بتائی۔اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مرکزی آبی کمیشن کے ممبران سید مسعود حسین اور مرکزی وزرات آبی وسائل کے تحت کرشنا اور گوداوری طاس کے چیف انجینئر آر کے گپتا پر مشتمل ٹیم نہ صرف کرناٹک،بلکہ تملناڈو، پانڈیچری اور کیرلا کا بھی دورہ کرے گی۔ اس ٹیم کے دورہئ کرناٹک کے دوران ریاست کے ماہرین آبپاشی اور تکنیکی افسران بھی شامل رہیں گے۔ ریاستی محکمہئ آبی وسائل کے پرنسپل سکریٹری راکیش سنگھ، کاویری نیراوری نگم کے منیجنگ ڈائرکٹر چک رایپا اور کے آر ایس کے چیف انجینئر شیوکمار ٹیم کے ساتھ آبی ذخائر کا معائنہ کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ کل صبح ودھان سودھا میں ریاستی وزارت آبی وسائل کی طرف سے کاویری طاس میں آبی صورتحال کے متعلق جانکاری اس ٹیم کو مہیا کرائی جائے گی۔ سپریم کورٹ کی ہدایت پر کاویری طاس کے ریاستوں کا دورہ کرنے والی ٹیم کرشنا راجہ ساگر، کبنی، ہارنگی اور ہیماوتی کا معائنہ کرے گی، یہاں پر دستیاب پانی کی داخلی اور خارجی مقدار اور ساتھ ہی کاویری طاس میں آنے والے منڈیا اور میسور شہروں کے علاوہ آس پاس کے چھ سو دیہاتوں میں پانی کی سربراہی کا نظام، شہر بنگلور کیلئے پانی کی سربراہی اور دیگر امور کا جائزہ لے گی۔ ریاست کا دورہ کرنے کے بعد یہ ٹیم تملناڈو کے مٹور ڈیم روانہ ہوگی اور اس کے بعد وہاں کے آبی ذخائر میں پانی کی صورتحال کا جائزہ لے گی، چاروں ریاستوں کے معائنہ کے بعد 17/اکتوبر کو یہ ٹیم سپریم کورٹ کو اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔