ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں /  انکولہ میں چٹان کا ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے ۔ ضلع انچارج وزیر منکال وئیدیا کر رہے ہیں نگرانی

 انکولہ میں چٹان کا ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے ۔ ضلع انچارج وزیر منکال وئیدیا کر رہے ہیں نگرانی

Thu, 18 Jul 2024 11:29:51    S.O. News Service

انکولہ، 18 / جولائی (ایس او نیوز) انکولہ کے شیرور میں نیشنل ہائی وے 66 پر جہاں پہاڑی چٹان کھسکنے کی وجہ سے ملبہ سڑک پر گرا تھا اور اس کے نتیجے میں اب تک سات جانیں ضائع ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے ، وہاں بڑے پیمانے پر راحت کاری اور ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے اور اس کے لئے بڑی بھاری مشینیں استعمال کی جا رہی ہیں ، مگر مسلسل بارش کی وجہ سے کام کی رفتار متاثر ہوئی ہے ۔
    
ضلع انچارج وزیر منکال وئیدیا این ڈی آر ایف سمیت دیگر ٹیموں کے ذریعے کی جا رہی راحت کاری کی نگرانی کر رہے ہیں ۔ موسلا دھار بارش کو دیکھتے ہوئے اس علاقے میں مزید چٹانیں کھسکنے کا ممکنہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے ۔ 
    
ضلع انچارج وزیر منکال وئیدیا نے کل اس واقعے کے جائزہ کے لئے ایمرجنسی میٹنگ منعقد کرنے کے بعد پولیس اور محکمہ جنگلات کے افسران کو ہدایت دی کے اس جان لیوا حادثے کے لئے ہائی وے توسیعی منصوبے کی ٹھیکیدار کمپنی آئی آر بی اور نیشنل ہائی وے اتھاریٹی کے افسران کے خلاف کیس دائر کیا جائے ۔ 
    
وزیر موصوف نے کہا کہ غیرسائنٹفک انداز میں سڑک کی توسیع کا کام کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا ہے جس میں قیمتی جانوں کا اتلاف ہوا ہے ۔ میٹنگ میں موجود آئی آر بی کے نمائندے یقینی طور پر یہ بتانے سے بھی قاصر رہے کہ آخر کب تک نیشنل ہائی وے کی توسیع کا کام پورا ہوگا ۔ 
    
گنگاولی ندی میں بہہ جانے والے ایل پی جی ٹینکر کو ایک جگہ روک لیا گیا ہے اور ماہرین نے گیس کے اخراج اور اس کی وجہ سے امکانی خطرات پر قابو پانے کے لئے ضروری اقدامات کیے ہیں ۔ 
    
وزیر منکال وئیدیا نے جائے وقوع پر پہنچ کر موت شکار ہونے والے افراد کو اہل خانہ کو فی کس پانچ لاکھ روپے سرکاری معاوضے کا چیک پیش کیا ۔ 


Share: