ممبئی 14/ستمبر (ایس او نیوز/ایجنسی) نریندر مودی کی مرکزی حکومت میں ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز کے وزیر اور بی جے پی کے سابق صدر نتین گڈگری نے یہ کہہ کر مودی سرکار اور بی جے پی کو عجیب الجھن میں ڈال دیا ہے کہ "اچھے دن " کا نعرہ ہمارے لئے گلے کی ہڈی بن گیا ہے اوروہ کبھی آنے والے نہیں ہیں۔ جانکاروں کا احساس ہے کہ گڈگری کا یہ بیان مرکزی حکومت اور بی جے پی میں کھلبلی مچانے کا سبب بن جائے گا۔
شہر ممبئی میں منعقدہ ایک پروگرام میں جب ایک این آر آئی نے پوچھا کہ انتخابات کے موقع پر مودی نے جو اچھے دن کا وعدہ کیا تھا وہ کب آنے والے ہیں تو اس سوال کا جواب دیتے ہوئے گڈگری نے کہا:"منموہن سنگھ نے کہا تھا کہ اچھے دن آنے والے ہیں۔ اور ان کا یہ بیان ہمارے لئے گلے کی ہڈی بن گیا ہے۔ کیونکہ وہ اچھے دن آنے والے نہیں ہیں "
خیال رہے کہ نریندر مودی جب گزشتہ لوک سبھا انتخابی مہم چلارہے تھے تو ان کے دووعدے بہت ہی زبان زد عام ہوگئے تھے۔ ایک تو اچھے دن کا وعدہ اور دوسرا بیرونی ممالک میں غیر قانونی طور پر جمع کیے گئے اربوں روپے واپس لانا اور ہر شہری کے اکاونٹ میں پندرہ لاکھ روپے جمع کرنا۔ لیکن ہندوستانی عوام کے حصے میں اب تک سوتے جاگتے ان وعدوں کے پورا ہونے کا خواب دیکھنے کے سوا کچھ بھی نہیں آیا ہے۔ زندگی کے ہر شعبے سے وابستہ عوام اور اپوزیشن مرکزی سرکار سے بار بار یہی پوچھتی ہے کہ آخر یہ وعدے کب پورے ہونگے اور خاص کر عوام کے لئے اچھے دن کب آئیں گے۔اب مرکزی سرکار کے ایک وزیر اور بی جے پی کے بلند قامت لیڈر کی طرف سے اس طرح کا بیان بھولی بھالی عوام کی امیدوں پر پانی پھیرنے کے لئے کافی ہے۔
گڈگری نے کہا کہ انہیں خود وزیر اعظم نریندرمودی نے بتایا ہے کہ "اچھے دن آنے والے ہیں " کا نعرہ منموہن سنگھ نے دیا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ" اچھے دن ہماری سوچ کا منحصر ہوتے ہیں۔ بس اس کے سوا کچھ نہیں ہوتا۔ اس دیش میں تو بڑی بڑی مہا آتما ئیں بستی ہیں۔ یہاں پر جس کے پاس سائیکل ہے اسے موٹر بائک چاہیے۔ اور جس کے پاس موٹر بائک ہے اس کو کار چاہیے۔ "
یہ بات بھی یاد رکھنی ہوگی کہ اس سے پہلے بی جے پی کے موجودہ صدر اور وزیر اعظم کے دست راست مسٹر امیت شاہ نے بیرونی ممالک سے کالا دھن واپس لانے اور ہر شہری کے اکاونٹ میں پندرہ لاکھ روپے جمع کرنے کے مودی کے بیان کو محض الیکشن کی جملے بازی کہہ کر بی جے پی اور وزیر اعظم کے لئے ہزیمت کا سامان مہیا کردیا تھا۔ اب ایسا لگتا ہے کہ گڈگری کے اس بیان سے خود نریندر مودی اپنی بغلیں جھانکنے پر مجبور ہوگئے ہونگے۔