احمد آباد،7؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)گجرات کے پوربندر میں بحریہ کے ایک اڈے میں گولیوں کی آواز سننے کی بابت پولس کو آج ایک شکایت ملی لیکن سیکورٹی اہلکاروں کی طرف سے پورے علاقے کی اچھی طرح سے تلاشی لینے کے بعد یہ افواہ نکلی۔پوربندر کے پولیس سپرنٹنڈنٹ ترون کمار دگل نے میڈیا کو بتایاکہ بحریہ کے اڈے مواصلاتی روم کے ایک گارڈ کی جانب سے آج صبح ہمیں ایک شکایت ملی جس میں کہا گیا تھا کہ اس نے دو تین گولیاں چلنے کی آوازیں سنی ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم نے پورے علاقے میں بحریہ کے اڈے اور آس پاس میں تین گھنٹے تک تلاشی مہم چلائی۔دگل نے کہا کہ وسیع تلاشی مہم کے بعد کچھ نہیں ملا۔یہ افواہ ہے۔انہوں نے بحریہ کے اڈے میں کسی طرح کے دھماکے کی خبروں کو بھی مسترد کیا۔غورطلب ہے کہ پوربندر شہر گجرات کے ساحل پر واقع ہے اور فوج کی طرف سے لائن آف کنٹرول کے پار سرجیکل آپریشن کئے جانے کے بعد سے ہائی الرٹ پر ہے۔ہندوستانی کوسٹ گارڈ، بحریہ اور گجرات ساحلی پولیس نے ساحل پر چوکسی بڑھا دی ہے۔