نئی دہلی،9اکتوبر(آئی این ایس انڈیا/ایس او نیوز)دلت لیڈر اور شمال مغرب دہلی سے بی جے پی ایم پی ادت راج نے آج یہاں نجی شعبے اور پروموشن میں ریزرویشن کے لئے قانون بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے شیڈول پسماندہ تنظیموں کے آل انڈیا کنفیڈریشن کی جانب سے ملک گیر تحریک چلانے اور 28نومبر کو دہلی کے رام لیلا میدان میں ریلی کرنے کا اعلان کیا۔دلت کو ہراساں کئے جانے پر لوک سبھا ممبر پارلیمنٹ نے کہا کہ دلتوں پر مظالم بڑھے ہیں چاہے اونا کا واقعہ ہو یا حیدرآباد کا۔انہوں نے کہا کہ حکومت چاہے کسی بھی پارٹی کی ہو، دلتوں پر ظلم کم نہیں ہو سکتا ہے، کیونکہ سماجی نظام ہی ایسا ہے۔شیڈول اورپسماندہ تنظیموں کے آل انڈیا کنفیڈریشن کی طرف سے منعقد قومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نجی شعبے اور پروموشن میں ریزرویشن کے لئے قانون بنانے کیلئے سیاسی جماعتوں پر دباؤ بنانے کے لئے ملک کے تقریبا 410اضلاع میں جن جاگرن مہم، رتھ یاترا نکڑ ناٹک وغیرہ کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ 26نوبر تک یہ تحریک چلے گی اور اس کے بعد 28نومبر کو دہلی کے رام لیلا میدان میں ریلی کرکے نجی شعبے میں پروموشن پالیسی نافذ کرانے کا پور زور طریقے سے مطالبہ کیا جائے گا۔راج نے کہا کہ تحفظات کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کی جائے گی۔ریزرویشن کو اقتصادی بنیاد پر لاگو کرنے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ میں تو چاہتا ہوں کہ ہر چیز اقتصادی بنیاد پر ہو لیکن ہزاروں سالوں سے اقتصادی بنیاد پر کچھ ہے ہی نہیں۔پیدائش کی بنیاد پر، ذات کی بنیاد پر ہی زمین کا مالک، پجاری طے ہوتا ہے اور عزت ملتی ہے تو ذات کی بنیاد پر ریزرویشن ملنے میں کچھ بھی غلط نہیں ہے۔