ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / ملکارجن کھرگے کی زیر صدارت کانگریس اجلاس، انتخابی تیاریوں اور تنظیمی امور پر تبادلہ خیال

ملکارجن کھرگے کی زیر صدارت کانگریس اجلاس، انتخابی تیاریوں اور تنظیمی امور پر تبادلہ خیال

Wed, 19 Feb 2025 20:00:21    S O News

نئی دہلی   ، 19/فروری (ایس او نیوز/ایجنسی )کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھرگے نے بدھ کی صبح 10:30 بجے آل انڈیا کانگریس کمیٹی (اے آئی سی سی) کے صدر دفتر، اندرا بھون میں ایک اہم اجلاس طلب کیا ہے۔ اس اجلاس میں سینئر پارٹی عہدیدار شرکت کریں گے، جہاں تنظیمی ڈھانچے میں ممکنہ تبدیلیوں، پارٹی کی مستقبل کی حکمت عملی اور آئندہ انتخابات کی تیاریوں پر تفصیلی گفتگو کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق، اس میٹنگ میں کانگریس کے سینئر رہنما، جنرل سیکریٹریز اور مختلف ریاستوں کے انچارج شرکت کریں گے۔ اجلاس میں پارٹی تنظیم کو مضبوط بنانے، نئے عہدیداروں کی تقرری اور انتخابی منصوبہ بندی کے نکات پر غور ہوگا۔ اس کے ساتھ ہی، پارٹی کی موجودہ کارکردگی کو بہتر بنانے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس موقع پر راہل گاندھی کی موجودگی بھی متوقع ہے، جو پارٹی کی حکمت عملی پر اپنی رائے دیں گے۔

قابل ذکر ہے کہ بہار میں اس سال کے آخر میں انتخابات ہونے ہیں جبکہ کیرالہ، تمل ناڈو، پانڈیچری اور مغربی بنگال میں 2026 میں اسمبلی انتخابات منعقد ہوں گے۔ ان ریاستوں میں کانگریس کی حالت زیادہ مستحکم نہیں ہے، جہاں بہار میں این ڈی اے، کیرالہ میں ایل ڈی ایف اور مغربی بنگال میں ترنمول کانگریس اقتدار میں ہے۔

پارٹی کے ذرائع کے مطابق، اس اجلاس میں خاص طور پر ان ریاستوں پر توجہ دی جائے گی جہاں حالیہ انتخابات میں کانگریس کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ پارٹی نوجوانوں، کسانوں اور متوسط طبقے کو اپنے ساتھ جوڑنے کے لیے نئی مہمات شروع کرنے پر غور کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ، بی جے پی کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ اتحاد کو مضبوط بنانے کے معاملے پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق، اس اجلاس کے فوراً بعد، ملکارجن کھڑگے 22 فروری کو ’جے باپو، جے بھیم، جے سنویدھان‘ پروگرام کے تحت بہار کے دورے پر جائیں گے۔ وہ بکسَر میں ایک بڑی عوامی ریلی سے خطاب کریں گے، جسے انتخابی مہم کے آغاز کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ پارٹی کے مطابق، یہ دورہ صرف ایک رسمی اجلاس نہیں بلکہ کانگریس کی نئی حکمت عملی کا حصہ ہوگا۔

کھڑگے کے اس ممکنہ دورے کے پیش نظر بہار کانگریس نے اپنی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ ریاستی کانگریس کے انچارج کرشنا الّوارو 20 فروری کو تین روزہ بہار دورے پر پہنچیں گے، جو عہدہ سنبھالنے کے بعد ان کا پہلا دورہ ہوگا۔ اس دوران وہ ریاستی قیادت سے ملاقات کرکے انتخابی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کریں گے۔

اس میٹنگ کو کانگریس کے لیے ایک اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے کیونکہ پارٹی کو آنے والے انتخابات میں سخت چیلنجز درپیش ہیں۔ تنظیمی اصلاحات اور انتخابی حکمت عملی کے فیصلے آئندہ دنوں میں پارٹی کی سمت متعین کرنے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔
 


Share: