بھٹکل 12 مارچ (ایس او نیوز): عیدالفطر کی خریداری کے پیش نظر ہر سال کی طرح امسال بھی بھٹکل سمیت اطراف کے علاقوں سے ہزاروں افراد کی رمضان بازار میں آمد متوقع ہے۔ اس کو مدنظر رکھتے ہوئے بھٹکل پولیس نے ٹریفک کے بہتر نظم و نسق اور عوامی سہولت کے لیے شہر کے چند اہم راستوں میں عارضی تبدیلی اور پارکنگ کے خصوصی انتظامات کا اعلان کیا ہے۔
پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ جاری کردہ ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ٹریفک نظم و ضبط برقرار رکھنے میں تعاون کریں۔ پولیس کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق درج ذیل ٹریفک تبدیلیاں نافذ کی جائیں گی:
اولڈ بس اسٹینڈ سے مولانا آزاد روڈ کے راستے گاڑیوں کی آمد و رفت کی اجازت ہوگی۔ اسی طرح سلطان اسٹریٹ سے مصباح کراس کے ذریعے رمضان مارکیٹ کی طرف آنے والی سڑک پر تمام گاڑیوں کے داخلے پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔
ماری کٹّہ سے پھول بازار تک کی سڑک ہمیشہ کی طرح ون وے روڈ ہوگا، جبکہ ماری کٹّہ سے اولڈ بس اسٹینڈ کی طرف آنے والے راستے پر گاڑیوں کی آمد و رفت مکمل طور پر ممنوع ہوگی۔ البتہ سلطان اسٹریٹ یا کار اسٹرٹ کے ذریعے اولڈ بس اسٹینڈ کا راستہ سواریوں کے لئے کھلا رہے گا۔ اسی طرح اولڈ مولانا آزاد روڈ کراس کے قریب سڑک کے دونوں جانب گاڑیوں کی پارکنگ پر پابندی عائد رہے گی۔
پولیس کے مطابق گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے درج ذیل مقامات مقرر کیے گئے ہیں:
اسلامیہ اینگلو اردو ہائی اسکول کا میدان (میونسپل عمارت کے پیچھے) شام 4 بجے سے رات 3 بجے تک پارکنگ کے لیے استعمال کیا جا سکے گا۔
پبلک چبوترا کی جگہ پر بھی شام 4 بجے سے رات 3 بجے تک پارکنگ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
پولیس کے مطابق اولڈ بس اسٹینڈ سے آگے مین روڈ ہوتے ہوئے ماری کٹّہ تک کے علاقے میں واقع گھروں کے لیے گاڑیوں کے خصوصی پاس جاری کیے جائیں گے۔ پاس رکھنے والے افراد کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ شام 8 بجے تک صرف دو پہیہ گاڑیاں استعمال کریں، جبکہ چار پہیہ یا بڑی گاڑیوں کے استعمال سے گریز کریں۔
اسی علاقے میں موجود دکانداروں کو بھی پاس جاری کیے جائیں گے اور ہر دکان کے لیے صرف ایک دو پہیہ گاڑی استعمال کرنے کی اجازت ہوگی۔ دکانداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنی دکانوں کے لیے ضروری سامان صبح 6 بجے سے صبح 10 بجے کے درمیان ہی منتقل کریں۔
بھٹکل پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ رمضان کے دوران بڑھتی ہوئی بھیڑ اور ٹریفک کے دباؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں اور پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔