ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / جدہ میں بھٹکل کمیونٹی کی عید مِلن تقریب سے قبل قرات و تخلیقی مقابلے

جدہ میں بھٹکل کمیونٹی کی عید مِلن تقریب سے قبل قرات و تخلیقی مقابلے

Fri, 13 Mar 2026 00:44:00    S O News
جدہ میں بھٹکل کمیونٹی کی عید مِلن تقریب سے قبل  قرات و تخلیقی مقابلے

جدہ 13/مارچ (ایس او نیوز/حبیب اللہ محتشم) بھٹکل کمیونٹی جدہ (BCJ) کی جانب سے عید مِلن 1447ھ کی مرکزی تقریب سے قبل مختلف تعارفی اور تخلیقی سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا، جن میں کمیونٹی کے مرد و خواتین، نوجوانوں اور بچوں نے بڑی تعداد میں جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔ ان سرگرمیوں کا مقصد نئی نسل میں مثبت رجحانات کو فروغ دینا، صلاحیتوں کو اجاگر کرنا اور کمیونٹی کے افراد کے درمیان باہمی روابط کو مستحکم بنانا تھا۔

ان پری ایونٹس میں سب سے نمایاں مقابلۂ قراتِ قرآن رہا جو 19 رمضان المبارک کو جناب ریحان کوبٹّے صاحب کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا۔ اس بابرکت مقابلے میں 32 طلبہ نے شرکت کی اور قرآن کریم کی نہایت دلنشین تلاوت پیش کی۔ مقابلے کے ججز کے فرائض بھٹکل سے تشریف فرما علماء کرام  مولانا طلحہ رکن الدین ندوی, مولانا وصی اللہ ڈی ایف ندوی اور مولانا رحمت اللہ رکن الدین ندوی نے انجام دیے۔

قرات مقابلے کے علاوہ خواتین کے لئے اسٹرنگ آرٹ مقابلہ کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں لکڑی کے تختوں، باریک کیلوں اور رنگین دھاگوں کی مدد سے مختلف خوبصورت ڈیزائن تیار کیے گئے۔ اس مقابلے میں 22 خواتین نے شرکت کر کے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔

اسی طرح لڑکیوں کے لیے ساحلی مناظر پر مبنی آرٹ مقابلہ منعقد کیا گیا جس میں 23 شرکاء نے حصہ لیا اور سمندر کے کنارے کے مناظر کو فنکارانہ انداز میں پیش کیا۔ نوجوان لڑکوں کے لیے ڈیجیٹل عید مِلن دعوتی کارڈ ڈیزائن مقابلہ رکھا گیا جس میں 14 شرکاء نے حصہ لیا اور عید مِلن کی تقریب کے لیے منفرد اور دلکش ڈیجیٹل دعوت نامے تیار کیے۔

ان تمام مقابلوں کے نتائج کا اعلان اور کامیاب شرکاء میں انعامات کی تقسیم عید مِلن کی مرکزی تقریب کے موقع پر کی جائے گی۔

مہمانان کے تاثرات کے بعد بی سی جے کے صدر عبیداللہ عسکری نے کلمہ تشکر پیش کیا۔

منظمین کے مطابق اس سال عید مِلن پروگرام کے کنوینر ریحان کوبٹّے صاحب ہیں جبکہ پری ایونٹس کے کنوینر عبدالمعیز جوکاکو صاحب ہیں، جن کی نگرانی اور کاوشوں سے یہ سرگرمیاں کامیابی کے ساتھ منعقد ہوئیں۔ منتظمین نے بتایا کہ بھٹکل کمیونٹی جدہ میں کئی برسوں سے یہ روایت قائم ہے کہ عید کی رات کمیونٹی کی جانب سے خصوصی اجتماع منعقد کیا جاتا ہے جس میں کمیونٹی کے اراکین کے علاوہ عمرہ کی ادائیگی کے لیے آنے والے مہمان بھی شریک ہوتے ہیں۔اس سال عید مِلن  کی مرکزی تقریب جدہ کے علاقے الروابی میں واقع سہارا شادی ہال میں منعقد ہوگی۔


Share: