ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مغربی ایشیا کشیدگی کے اثرات: ایل پی جی سپلائی متاثر، کمرشل استعمال پر پابندی؛ بھٹکل سمیت ضلع بھر میں ہوٹلوں کی جانچ

مغربی ایشیا کشیدگی کے اثرات: ایل پی جی سپلائی متاثر، کمرشل استعمال پر پابندی؛ بھٹکل سمیت ضلع بھر میں ہوٹلوں کی جانچ

Thu, 12 Mar 2026 16:42:35    S O News
مغربی ایشیا کشیدگی کے اثرات: ایل پی جی سپلائی متاثر، کمرشل استعمال پر پابندی؛ بھٹکل سمیت ضلع بھر میں ہوٹلوں کی جانچ

بھٹکل 12/مارچ (ایس او نیوز) : مغربی ایشیا میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے اثرات اب ہندوستان میں بھی محسوس ہونے لگے ہیں، جہاں باورچی گیس (ایل پی جی) کی فراہمی متاثر ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ اس صورتحال کے پیش نظر مرکزی حکومت کی ہدایات پر کرناٹک حکومت نے حکام کو ہدایت دی ہے کہ ایل پی جی سلنڈروں کی فراہمی صرف گھریلو صارفین تک محدود رکھی جائے اور ان کے کمرشل استعمال پر سخت نگرانی کی جائے۔

ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے مشترکہ حملوں اور اس کے بعد ایران کی جوابی کارروائیوں کے باعث خلیج فارس کی اہم آبی گزرگاہ آبنائے ہرمز کی صورتحال کشیدہ بتائی جا رہی ہے، جو ہندوستان کے لیے خام تیل کی ترسیل کا ایک اہم راستہ ہے۔ اس کے نتیجے میں ایندھن کی سپلائی چین پر دباؤ بڑھنے کے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔

کرناٹک حکومت کی جانب سے باورچی گیس کے ممکنہ غلط استعمال کو روکنے کے لیے ریاست کی چیف سیکریٹری ڈاکٹر شالنی رجنیش نے تمام ضلع ڈپٹی کمشنروں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں ایل پی جی کے گھریلو سلنڈروں کے کمرشل استعمال کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کریں۔ اس ہدایت کے بعد ضلع اُترکنڑا کے مختلف تعلقوں میں تحصیلداروں کی قیادت میں جانچ مہم شروع کر دی گئی ہے۔

اسی سلسلے میں بھٹکل سمیت ضلع کے مختلف علاقوں میں ہوٹلوں اور دیگر تجارتی اداروں کے کچنوں کی جانچ کی جا رہی ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ گھریلو ایل پی جی سلنڈروں کو کمرشل مقاصد کے لیے استعمال نہ کیا جائے۔ حکام نے ہوٹل مالکان کو خبردار کیا ہے کہ خلاف ورزی کی صورت میں ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

بھٹکل کے تحصیلدار ناگیندر کولشیٹی نے ہوٹلوں کی جانچ کے دوران بتایا کہ ضلع میں اسکولوں، آنگن واڑی مراکز اور طلبہ کے ہاسٹلوں میں باورچی گیس کی قلت نہ ہونے کو یقینی بنانے کے لیے بھی خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

حکومتی ہدایات
حکام کو ضروری اشیاء کی فراہمی سے متعلق قانون کے تحت سخت کارروائی کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اس کے تحت گھریلو ایل پی جی سلنڈروں کو غیر قانونی طور پر ذخیرہ کرنا، انہیں کمرشل استعمال کے لیے فراہم کرنا، غیر قانونی ترسیل، بلیک مارکیٹنگ، کم مقدار میں ری فلنگ کر کے فروخت کرنا یا دوسرے ریاستوں میں اسمگل کرنا قابل سزا جرم قرار دیا گیا ہے۔

ہدایت نامے کے مطابق انڈین آئل کارپوریشن لمیٹڈ (IOCL) کو ہر ضلع میں روزانہ کی بنیاد پر مختلف کمپنیوں کے ذریعے سلنڈروں کی فراہمی کی تفصیلات محکمہ خوراک، شہری رسد اور صارفین کے امور کو فراہم کرنا ہوگی۔

اگر سلنڈر بکنگ نمبر کام نہ کرے تو عوام کو واٹس ایپ یا دیگر متبادل طریقوں سے بکنگ کرنے کے بارے میں آگاہ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ گیس کی فراہمی سے متعلق شکایات کو ہیلپ لائن نمبر 112 کے ذریعے درج کر کے فوری کارروائی کی جائے گی، جبکہ حکام کو امن و امان کی صورتحال پر بھی کڑی نظر رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

ہوٹل کاروبار پر اثرات
کمرشل ایل پی جی سلنڈروں کی قلت کے باعث ریاست کے مختلف علاقوں کی طرح ضلع اُترکنڑا میں بھی ہوٹل کاروبار متاثر ہونے لگا ہے۔ بعض ہوٹل مالکان نے متبادل کے طور پر لکڑی کے چولہے استعمال کرنا شروع کر دیے ہیں، جبکہ کئی ہوٹلوں نے اپنے کھانوں کی فہرست (مینو) محدود کر دی ہے۔

بعض ہوٹل مالکان کا کہنا ہے کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو کاروبار جاری رکھنا مشکل ہو جائے گا اور انہیں عارضی طور پر اپنے ہوٹل بند کرنے پر مجبور ہونا پڑ سکتا ہے۔

Click here for report in English


Share: