ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / مغربی ہوا کا دباؤ سرگرم، کئی ریاستوں میں طوفان، بارش اور برفباری کا امکان

مغربی ہوا کا دباؤ سرگرم، کئی ریاستوں میں طوفان، بارش اور برفباری کا امکان

Mon, 24 Feb 2025 12:59:10    S O News

نئی دہلی ، 24/فروری (ایس او نیوز/ایجنسی)فروری کا آخری ہفتہ جاری ہے، اور ملک بھر میں موسم میں اتار چڑھاؤ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، 25 فروری سے ایک نیا 'ویسٹرن ڈسٹربنس' کئی ریاستوں کو متاثر کرے گا۔ خاص طور پر پہاڑی علاقوں میں برفباری اور بارش کا امکان ہے، جس کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، میدانی علاقوں میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے، جس کے لیے حکام نے احتیاط برتنے کی ہدایت دی ہے۔

اگلے کچھ دنوں میں یوپی، راجستھان سمیت کئی ریاستوں میں آواز اور چمک کے ساتھ شدید بارش ہونے کا امکان ہے۔ وہیں کشمیر، ہماچل پردیش، اتراکھنڈ کے کئی علاقوں میں بارش سے لے کر زبردست برفباری ہو سکتی ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق جموں کشمیر میں منگل یعنی 25 فروری سے بارش کا دور شروع ہوگا جو 28 فروری تک چل سکتا ہے۔ اتراکھنڈ میں بھی 27 اور 28 فروری کو برفباری کے ساتھ ہی بارش کا امکان ہے۔

راجدھانی دہلی میں 'ویسٹرن ڈسٹربینس' کے اثر سے 27 اور 28 فروری کو دہلی میں بھی موسم کا مزاج بدلے گا۔ ان دنوں جزوی طور سے بادل چھائے رہ سکتے ہیں اور رک رک کر ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ اس سے درجہ حرارت پر ایک بار پھر ہلکا اثر دیکھنے کو ملے گا۔ لیکن فروری کا اختتام معمول سے گرم اور خشک موسم کے ساتھ ہونے کا امکان ہے۔

آج کے موسم کی بات کریں تو دہلی کا کم سے کم درجہ حرارت 11 ڈگری سیلسیس اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 27 ڈگری سیلسیس رہ سکتا ہے۔ آنے والے دنوں میں دہلی کے ساتھ ساتھ آس پاس کے علاقوں جیسے نوئیڈا، غازی آباد میں بھی بارش ہو سکتی ہے۔

ادھر یوپی کے لکھنؤ میں آج صبح کے وقت ہلکا کہرا دیکھنے کو مل سکتا ہے اور کم سے کم درجہ حرارت 14 ڈگری تو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 29 ڈگری سیلسیس رہ سکتا ہے۔ آنے والے دنوں میں درجہ حرارت میں اضافہ کے آثار ہیں۔ 25 فروری کو لکھنؤ کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 ڈگری تک پہنچ سکتا ہے۔


Share: