ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / دبئی: تھمبے لیباریٹری کے 25 سال مکمل، تعلیمی تشخیصی لیبارٹریوں کے سب سے بڑے نیٹ ورک کا اعزاز برقرار

دبئی: تھمبے لیباریٹری کے 25 سال مکمل، تعلیمی تشخیصی لیبارٹریوں کے سب سے بڑے نیٹ ورک کا اعزاز برقرار

Mon, 22 Jun 2026 19:01:54    S O News
دبئی:  تھمبے لیباریٹری  کے 25 سال مکمل، تعلیمی تشخیصی لیبارٹریوں کے سب سے بڑے نیٹ ورک کا اعزاز برقرار

دبئی 22 /جون (ایس او نیوز) متحدہ عرب امارات کے عجمان   میں تشخیصی خدمات کے شعبے میں ایک اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے تھمبے لیبز (Thumbay Labs) نے اپنے قیام کے 25 سال مکمل کر لیے ہیں۔ اس موقع پر ادارے نے طبی تجربہ گاہوں کے لیے عالمی معیار کی علامت سمجھی جانے والی ISO 15189:2022منظوری حاصل کر لی ہے۔ اس کے ساتھ ہی تھمبے لیبز پہلے سے موجود کالج آف امریکن پیتھالوجسٹس (CAP)کی منظوری بھی برقرار رکھے ہوئے ہے، جس کے نتیجے میں ادارہ بیک وقت دو معتبر بین الاقوامی معیاروں کا حامل بن گیا ہے۔

تھمبے لیبز کا آغاز سال 2001 میں ایک چھوٹی تجربہ گاہ کے طور پر ہوا تھا، جس کا مقصد تھمبے گروپ کے پہلے اسپتال اورگلف میڈیکل یونیورسٹی میں طبی تعلیم و تربیت کے لیے معاونت فراہم کرنا تھا۔ گزشتہ پچیس برسوں کے دوران یہ ادارہ ترقی کرتے ہوئے شمالی امارات میں تعلیمی اور ریفرل تشخیصی لیبارٹریوں کے سب سے بڑے نیٹ ورک کی شکل اختیار کر چکا ہے، جس میں اس وقت پانچ لیبارٹریاں شامل ہیں۔

عجمان میں واقع تھمبے میڈی سٹی کے 25 ہزار مربع فٹ پر مشتمل جدید تشخیصی کمپلیکس سے چلنے والا یہ نیٹ ورک شمالی امارات کے مختلف علاقوں تک اپنی خدمات فراہم کر رہا ہے۔

ادارے کے مطابق گزشتہ 25 برسوں کے دوران تھمبے لیبز نے ایسے طبی نظام کو سہارا فراہم کیا ہے جس کے تحت 1.9 کروڑ سے زائد مریضوں کا علاج کیا گیا جبکہ ایک لاکھ سے زیادہ بچوں کی پیدائش میں طبی معاونت فراہم کی گئی۔ کووڈ-19 وبا کے دوران یہ لیبارٹری خطے کے ایک اہم مالیکیولر ٹیسٹنگ مرکز کے طور پر دن رات کام کرتی رہی اور اپنے عروج کے دور میں یومیہ 15 ہزار تک ٹیسٹ انجام دیے۔

ادارے کے اندازے کے مطابق اب تک 175 سے زائد قومیتوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے لیے 3 کروڑ سے زیادہ لیبارٹری ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں، جو متحدہ عرب امارات کی متنوع آبادی کی عکاسی کرتے ہیں۔

ISO 15189:2022 طبی تجربہ گاہوں کے لیے تیار کیا گیا جدید عالمی معیار ہے جو نمونہ حاصل کرنے، محفوظ رکھنے، جانچنے اور نتائج جاری کرنے تک کے تمام مراحل میں معیار اور تکنیکی مہارت کو یقینی بناتا ہے۔ اس منظوری کا حصول اس بات کا ثبوت ہے کہ لیبارٹری کے نظام اور طریقہ کار قابل اعتماد اور مستقل معیار کے مطابق ہیں۔

تھمبے گروپ کے بانی صدر ڈاکٹر تھمبے محی الدین نے اس موقع پر کہا کہ پچیس برس قبل ان کا مقصد ایسی لیبارٹری قائم کرنا تھا جس پر پورا خطہ اعتماد کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ اب ادارے کا ہدف تھمبے لیبز کو عالمی سطح پر تشخیصی خدمات کا نمایاں نام بنانا اور اسے یو اے ای سے باہر خلیجی ممالک اور دیگر خطوں تک توسیع دینا ہے۔

تھمبے لیبز میں کلینیکل کیمسٹری، ہیمیٹولوجی، مائیکروبائیولوجی، مالیکیولر ڈائگناسٹکس، ہسٹوپیتھالوجی، بائیوانالیٹیکل ٹیسٹنگ، پیشہ ورانہ صحت اور نوزائیدہ بچوں کی اسکریننگ سمیت متعدد شعبے کام کر رہے ہیں۔ ادارے کا نوزائیدہ بچوں کی اسکریننگ پروگرام شمالی امارات کے بڑے پروگراموں میں شمار ہوتا ہے، جس کے ذریعے پیدائشی جینیاتی اور میٹابولک امراض کی جلد تشخیص ممکن بنائی جاتی ہے۔

ادارے نے مریضوں کی سہولت کے لیے ایک موبائل ایپ اور ویب ایپ متعارف کرانے کا بھی اعلان کیا ہے، جن کے ذریعے صارفین آن لائن ٹیسٹ بک کر سکیں گے اور ادائیگی بھی کر سکیں گے۔ اسی طرح گھر سے نمونہ حاصل کرنے کی سہولت کو جلد ابوظہبی تک توسیع دی جائے گی۔

تھمبے لیبز جلد ہی الزائمر بیماری کی تشخیص کے لیے خون کے نمونے پر مبنی جدید ٹیسٹنگ سروس متعارف کرانے کی تیاری کر رہی ہے، جو ریڑھ کی ہڈی کے نمونے یا مہنگے PET اسکین کے مقابلے میں زیادہ آسان اور کم تکلیف دہ متبادل ہوگی۔ اس ٹیسٹ میں ApoE4، pTau181، pTau217 اور Neurofilament Light Chain جیسے اہم بائیومارکرز کی جانچ کی جائے گی، جس سے بیماری کی ابتدائی سطح پر شناخت ممکن ہو سکے گی۔

ادارہ مستقبل میں Lab 5.0  ماڈل کے تحت مصنوعی ذہانت (AI)، خودکار نظام، پیش گوئی پر مبنی تجزیات اور جدید معیار نگرانی کے ذریعے تشخیصی خدمات کو مزید مؤثر بنانے کا ارادہ رکھتا ہے تاکہ بیماریوں کی بروقت تشخیص اور بہتر علاج میں مدد مل سکے۔

تھمبے لیبز خطے میں CAP سے منظور شدہ نجی تعلیمی لیبارٹریوں کی بڑی زنجیروں میں شمار ہوتی ہے اور یہ متحدہ عرب امارات کی وزارتِ صحت و انسدادِ امراض سے باقاعدہ لائسنس یافتہ ادارہ ہے۔


Share: