ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / کرناٹک میں آر ٹی آئی درخواستوں کا دو دن میں آن لائن اندراج لازمی، اپیلوں کے لیے بھی مدت مقرر

کرناٹک میں آر ٹی آئی درخواستوں کا دو دن میں آن لائن اندراج لازمی، اپیلوں کے لیے بھی مدت مقرر

Sun, 18 Oct 2026 18:19:36    S O News

بنگلورو ، 18/ اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی) کرناٹک حکومت نے حقِ اطلاعات قانون (آر ٹی آئی) کے تحت درخواستوں کی کارروائی کو آسان، تیز اور شفاف بنانے کے لیے اہم فیصلہ کیا ہے۔ اب سرکاری دفاتر میں ڈاک کے ذریعے یا ذاتی طور پر موصول ہونے والی آر ٹی آئی درخواستوں کو آن لائن پورٹل پر درج کرنے کی خدمت ’کرناٹک سکالا خدمات ایکٹ‘ کے دائرے میں شامل کردی گئی ہے۔

حکومت کے نئے حکم کے مطابق، کسی بھی سرکاری دفتر میں جسمانی طور پر موصول ہونے والی آر ٹی آئی درخواست کو متعلقہ دفتر کے سربراہ یا ان کی جانب سے نامزد افسر یا ملازم کے لیے دو کام کے دنوں کے اندر آر ٹی آئی آن لائن پورٹل پر درج کرنا لازمی ہوگا۔ اس اقدام کا مقصد درخواستوں کے اندراج میں ہونے والی تاخیر کو روکنا اور درخواست گزاروں کو اپنی درخواست کی صورت حال آن لائن معلوم کرنے کی سہولت فراہم کرنا ہے۔

حکم نامے میں اپیلوں کے تصفیے کے لیے بھی مدت مقرر کی گئی ہے۔ آر ٹی آئی کے تحت پہلی اپیل کو متعلقہ مجاز اتھارٹی کے ذریعے سات کام کے دنوں میں نمٹانا ہوگا، جبکہ دوسری اپیل کے لیے بھی سات کام کے دنوں کی مدت مقرر کی گئی ہے۔ دوسری اپیل متعلقہ محکمے کے سکریٹری کی سطح پر نمٹائی جائے گی۔

اگر متعلقہ محکمہ کا عوامی اطلاعاتی افسر (پی آئی او) آر ٹی آئی آن لائن پورٹل پر رجسٹرڈ نہ ہو تو درخواست ضلعی یا محکمہ جاتی نوڈل افسر کو بھیجی جائے گی۔ نوڈل افسر کی ذمہ داری ہوگی کہ متعلقہ پی آئی او کو بلا تاخیر پورٹل پر رجسٹر کرے، تاکہ درخواست کے اندراج اور کارروائی میں غیر ضروری رکاوٹ پیدا نہ ہو۔

یہ حکم کرناٹک حکومت کے تمام محکموں، بورڈوں، کارپوریشنوں اور اداروں پر فوری طور پر نافذ ہوگا۔

محکمہ پرجا سیوا کے پرنسپل سکریٹری ہرش گپتا نے بتایا کہ اس سے قبل جسمانی طور پر جمع کرائی جانے والی آر ٹی آئی درخواستوں کی کارروائی میں تاخیر کی شکایات سامنے آتی تھیں۔ اب انہیں سکالا خدمات کے دائرے میں شامل کرنے سے مقررہ مدت میں آن لائن اندراج لازمی ہوگیا ہے، جس سے شہریوں کو درخواستوں کی پیش رفت جاننے اور مطلوبہ معلومات حاصل کرنے میں سہولت ملنے کی توقع ہے۔


Share: