بنگلورو ، 18/ اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی) کرناٹک حکومت نے شہریوں کو سرکاری خدمات آسانی، شفافیت اور مقررہ وقت میں فراہم کرنے کے مقصد سے تمام محکموں کے لیے نئی معیاری رہنما ہدایات جاری کی ہیں۔ حکومت کے اس فیصلے کے تحت سرکاری خدمات کو زیادہ سے زیادہ آن لائن بنایا جائے گا، تاخیر کم کرنے کے اقدامات کیے جائیں گے اور شہریوں کو دفاتر کے غیر ضروری چکر لگانے سے راحت دلانے کی کوشش کی جائے گی۔ یہ جامع رہنما ہدایات کرناٹک ایڈمنسٹریٹو ریفارمز کمیشن-2 (کے اے آر سی-2) کی سفارشات کی بنیاد پر محکمہ پرجا سیوا نے تیار کی ہیں، جنہیں وزیر اعلیٰ کی منظوری کے بعد نافذ کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔ حکومت کے پرنسپل سکریٹری ہرش گپتا نے بتایا کہ تمام محکموں کو نئی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے باقاعدگی سے تعمیلی رپورٹ پیش کرنا ہوگی۔
نئے حکم کے مطابق، سرکاری اجازت ناموں، سرٹیفکیٹس اور دیگر شہری خدمات کو لازمی طور پر آن لائن نظام میں شامل کیا جائے گا اور انہیں ’سکالا‘ کے دائرے میں لایا جائے گا، تاکہ درخواستوں پر مقررہ مدت میں کارروائی یقینی بنائی جاسکے۔ جہاں ممکن ہو، متعلقہ سرٹیفکیٹ کاؤنٹر پر ہی فوری طور پر جاری کرنے کے اقدامات بھی کیے جائیں گے۔
آن لائن خدمات میں آدھار اور موبائل کے ذریعے تصدیق کی سہولت فراہم کی جائے گی، جبکہ جاری کیے جانے والے تمام سرٹیفکیٹس کو ڈیجی لاکر میں محفوظ کرنے کا انتظام کیا جائے گا۔ اگر کسی درخواست کو مسترد کیا جاتا ہے تو ادا کی گئی فیس خودکار طریقے سے واپس کرنے کی سہولت متعارف کرائی جائے گی۔ اس کے علاوہ یو پی آئی سمیت ڈیجیٹل ادائیگیوں کو ترجیح دی جائے گی تاکہ نقد رقم کی وصولی کی ضرورت کم ہو۔
شہریوں کی سہولت کے لیے انگریزی میں دستیاب تمام فارم اور درخواستیں کنڑ زبان میں بھی لازمی طور پر فراہم کی جائیں گی۔ درخواست کی موجودہ صورت حال سے متعلق معلومات ایس ایم ایس اور واٹس ایپ کے ذریعے وقتاً فوقتاً شہریوں تک پہنچائی جائیں گی، تاکہ انہیں اپنی درخواستوں کی پیش رفت معلوم کرنے کے لیے سرکاری دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں۔
سرکاری دفاتر میں عوام کے لیے مناسب نشستوں اور پینے کے پانی کی سہولت فراہم کرنا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔ افسران سے ملاقات کے لیے ٹوکن نظام متعارف کرایا جائے گا، جبکہ سماعت یا دیگر معاملات کے لیے پیشگی وقت مقرر کرنے کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔
حکومت نے موقع پر معائنے کے عمل کو مزید شفاف بنانے کے لیے موبائل ایپ کے ذریعے معائنہ کرنے کی ہدایت بھی دی ہے۔ حکام کے مطابق ان اصلاحات کا مقصد سرکاری خدمات کی فراہمی میں تاخیر، بدعنوانی اور غیر ضروری دفتری پیچیدگیوں کو کم کرنا اور شہریوں کے لیے ایک آسان، جواب دہ اور شفاف انتظامی نظام قائم کرنا ہے۔