ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / آذربائیجان میں اسکولوں میں حجاب پر پابندی کے خلاف احتجاج، 37 افراد گرفتار

آذربائیجان میں اسکولوں میں حجاب پر پابندی کے خلاف احتجاج، 37 افراد گرفتار

Wed, 14 Oct 2026 12:19:03    S O News

آذربائیجان، 14 /اکتوبر (ایس او نیوز/ایجنسی)آذربائیجان کے اسکولوں میں حجاب پہننے پر پابندی نافذ  ہونے کے بعد یونیفارم قواعد کے خلاف احتجاجی مظاہرے پھوٹ پڑے۔خبروں کے مطابق اسکولوں میں حجاب پہننے پر پابندی کے باعث طالبات کو کلاسوں میں داخلے سے روکنے، خاتون اساتذہ سے دوپٹہ اتارنے کے مطالبات اور احتجاجی مظاہرے کئے گئے ہیں۔آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں اسکولوں کے نئے یونیفارم قواعد کے خلاف احتجاج کے دوران حکام نے ۳۷؍افراد کو گرفتار کرلیا۔  باکو کے ضلع قرہ داغ میں مظاہرین نے ایک اسکول کے ڈائریکٹر کی گاڑی کو آگ لگا دی  جبکہ ضلع یاسامال میں ایک اسکول کو آگ لگانے کی کوشش کی گئی۔ دونوں واقعات میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔

انسٹاگرام اور ٹک ٹاک استعمال کرنے والوں نے شکایت کی کہ ویڈیوز لوڈ نہیں ہو رہیں اور فیڈز اپ ڈیٹ نہیں ہو رہی ہیں۔ بعض صارفین کا کہنا تھا کہ وہ ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورک (وی پی این) کے ذریعے ہی ان پلیٹ فارمز تک رسائی حاصل کر پا رہے ہیں۔کچھ صارفین نے خدشہ ظاہر کیا کہ سوشل میڈیا تک رسائی میں پیدا ہونے والی یہ رکاوٹیں اسکولوں میں احتجاج کی ویڈیوز کی گردش کے تناظر میں ہو سکتی ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ انتہا پسندی کے پھیلاؤ کو روکنے کی کوششوں کے تحت مذہبی علامات ظاہر کرنے والے لباس پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں اور شدت پسندوں کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔ تاہم  ناقدین کا الزام ہے کہ حکومت مذہبی رجحانات رکھنے والے مسلمانوں کو نشانہ بناتی ہے۔

واضح رہے کہ آذربائیجان کی حکومت نے۲۱؍ ستمبر کو اسکول یونیفارم سے متعلق نئے قواعد کی منظوری دی تھیجس کے تحت طلبہ کو ایسے لباس میں کلاسوں میں شرکت سے روک دیا گیا ہے جو تعلیم کی سیکولر نوعیت سے متصادم ہو یا اسکولوں کے لباس سے متعلق ضابطے کی یکسانیت کو متاثر کرے۔۶؍اکتوبر سے یہی تقاضے اساتذہ کے لباس پر بھی لاگو کر دیئے گئے ہیں۔


Share: