بھٹکل 14 اکتوبر (ایس او نیوز) صد سالہ قدیم قومی تعلیمی ادارہ انجمن حامیِ مسلمین بھٹکل کے ماتحت قائم انجمن انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ اینڈ کمپیوٹر ایپلی کیشن (AIMCA) کی تین طالبات نے اگست 2025 میں منعقدہ بی بی اے سیمسٹر امتحانات میں شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے کرناٹک یونیورسٹی دھارواڑ کی سطح پر ٹاپ ٹین میں تین رینک حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔
کالج کی طالبات رحاب بنت جمیل حسین فکردے نے 93.37 فیصد نمبرات کے ساتھ یونیورسٹی میں دوسرا رینک حاصل کیا، جبکہ الرفا بنت باوا امیر نے 92.30 فیصد نمبرات کے ساتھ چھٹا اور حورابی بنت ابراہیم شیخ نے 92.26 فیصد نمبرات کے ساتھ ساتواں رینک حاصل کرکے کالج اور انجمن کا نام روشن کیا ہے۔
کالج کے پرنسپال محمد محسن نے اپنی پریس ریلیز میں بتایا کہ اس سال تین رینک حاصل کرنے کے ساتھ ہی 1996 میں کالج کے قیام سے اب تک AIMCA کے طلبہ یونیورسٹی سطح پر مجموعی طور پر 21 رینک حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔
طالبات کی اس اہم کامیابی پر انجمن حامیِ مسلمین کے صدریونس قاضیا، جنرل سکریٹری اسحاق شاہ بندری، دیگر عہدیداران اور ارکان انتظامیہ نے کامیاب طالبات کے ساتھ کالج کے پروفیسرس اور اسٹاف کو بھی مبارکباد پیش کی ہے۔