ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / کولکاتا درگا پوجا پنڈال میں بھگدڑ پر مقدمہ درج، منتظمین سمیت 7 افراد گرفتار

کولکاتا درگا پوجا پنڈال میں بھگدڑ پر مقدمہ درج، منتظمین سمیت 7 افراد گرفتار

Sun, 18 Oct 2026 18:44:38    S O News

کولکاتا   ، 18/ اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی) شمالی کولکاتاکے علاقے میں بھگدڑ کے واقعہ کے سلسلے میں پولیس نے 7 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ ان میں درگا پوجا پنڈال کے منتظمین، سیکورٹی اہلکار اور دیگر افراد شامل ہیں۔ خبر رساں ایجنسی ’آئی اے این ایس‘ کے مطابق پولیس نے دیر رات منتظمین اور دیگر لوگوں کے خلاف ازخود نوٹس لیتے ہوئے مقدمہ درج کیا تھا۔ پولیس نے اس معاملے میں درگا پوجا کمیٹی کے سکریٹری راج کمار سیودا، نائب صدر شانتنو دوبے، بانس کے ڈھانچے کی تعمیر میں شامل بپلب مکھرجی عرف جائے، بھیڑ کو قابو میں رکھنے کے لیے تعینات کوشک ساہا اور پنٹو، پرائیویٹ سیکورٹی انچارج سمن چکرورتی اور راجیش پال کو گرفتار کیا ہے۔ کولکاتہ پولیس نے یہ بھی بتایا کہ کچھ دیگر لوگوں کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ بھگدڑ کا یہ واقعہ شمالی کولکاتا کی مکتارام بابو اسٹریٹ پر منعقدہ درگا پوجا پنڈال میں پیش آیا تھا۔ اس حادثے میں کم از کم 19 افراد کی موت ہو گئی، جبکہ بڑی تعداد میں عقیدت مند زخمی ہو گئے۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب مورتی کے درشن کے لیے پنڈال میں بھاری بھیڑ جمع ہو گئی تھی۔ بتایا گیا کہ پوجا پنڈال کے ایگزٹ گیٹ کا ایک حصہ گرنے کے بعد وہاں موجود لوگوں میں افراتفری مچ گئی تھی۔

اتوار کو ایک فرانزک ٹیم شمالی کولکاتا کی مکتارام بابو اسٹریٹ پر واقع اس مقام پر پہنچی، جہاں بھگدڑ مچی تھی۔ اس سے قبل وزیر اعلیٰ سوویندو ادھیکاری نے کلکتہ میڈیکل کالج اور اسپتال میں مرنے والوں اور زخمیوں کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔ انہوں نے رات تقریباً ایک بجے جائے حادثہ کا بھی دورہ کیا۔ وہاں انہوں نے صورتحال کا جائزہ لیا اور پولیس و منتظمین سے بات چیت کی۔

وزیر اعلیٰ نے اعلان کیا کہ حکومت ہر متوفی کے اہل خانہ کو 25 لاکھ روپے اور خاندان کے ایک فرد کو سرکاری ملازمت دے گی۔ انہوں نے اس واقعے کی تحقیقات کے لیے خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) تشکیل دینے کا بھی اعلان کیا۔ قابل ذکر ہے کہ کولکاتہ میں بھگدڑ کے واقعے پر صدر جمہوریہ دروپدی مرمو، وزیر اعظم نریندر مودی، کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے اور لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی سمیت کئی رہنماؤں نے افسوس کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم مودی نے بھگدڑ میں جان گنوانے والوں کے اہل خانہ کو 2-2 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا۔


Share: