یادگیر 23/اگست (ایس او نیوز): یادگیر ضلع کے شاہ پور تعلقہ میں اتوار کو پیش آئے ایک المناک سڑک حادثے میں تین خواتین مزدور ہلاک جبکہ آٹھ دیگر زخمی ہوگئے۔ حادثہ مڈنال گاؤں کے قریب اس وقت پیش آیا جب مزدوروں کو لے جانے والی بولیرو گاڑی بے قابو ہوکر سڑک کنارے واقع ایک بجلی کے کھمبے سے ٹکرا گئی۔
ذرائع کے مطابق مڈنال اور اس کے اطراف کے کھیتوں میں کپاس کی فصل سے کچرا صاف کرنے کے لیے مزدور صبح سویرے کام پر گئے تھے۔ کام ختم ہونے کے بعد وہ بولیرو گاڑی میں سوار ہوکر واپس اپنے گھروں کو جا رہے تھے کہ گاڑی ڈرائیور کے ہاتھوں سے بے قابو ہوگئی اور کافی تیزی کے ساتھ بجلی کے کھمبے سے ٹکرا گئی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ گاڑی میں سوار تین مزدور خواتین نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔ جن کی شناخت بھاگیہ شری (35)، ستیمّا (30) اور ہونّگمّا (18) کے طور پر کی گئی ہے۔ حادثے میں آٹھ دیگر مزدور شدید زخمی ہوئے ہیں۔ جنہیں شاہ پور کے سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔جن میں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی بھیم رائن گڈی پولیس اسٹیشن کے اہلکار موقع پر پہنچے اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنے میں مدد کی۔ پولیس نے معاملہ درج کرکے حادثے کی وجوہات اور دیگر پہلوؤں کی تفتیش شروع کردی ہے۔
تین خواتین مزدوروں کی اچانک موت سے ان کے اہل خانہ میں کہرام مچ گیا جبکہ مڈنال اور اطراف کے علاقے میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔