ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / تلنگانہ حکومت کا مسلم سرکاری ملازمین کے لیے اعلان، رمضان میں ایک گھنٹہ پہلے چھٹی

تلنگانہ حکومت کا مسلم سرکاری ملازمین کے لیے اعلان، رمضان میں ایک گھنٹہ پہلے چھٹی

Wed, 19 Feb 2025 17:37:07    S O News

حیدرآباد  ، 19/فروری (ایس او نیوز/ایجنسی )ماہِ رمضان المبارک کی آمد سے قبل تلنگانہ کی کانگریس حکومت نے مسلم سرکاری ملازمین کے لیے ایک خوشخبری سنائی ہے۔ حکومت نے اعلان کیا ہے کہ رمضان کے دوران مسلم ملازمین کو ایک گھنٹہ قبل چھٹی دی جائے گی تاکہ وہ روزہ افطار اور عبادات کے لیے بہتر طور پر وقت نکال سکیں۔ یہ سہولت سرکاری دفاتر، پبلک سیکٹر کی یونٹوں اور تعلیمی اداروں میں کام کرنے والے مسلم ملازمین کو فراہم کی جائے گی۔

دی گئی جانکاری کے مطابق رمضان میں مسلم سرکاری ملازمین عام دنوں کے مقابلے ایک گھنٹہ پہلے کام چھوڑ کر گھر جا سکتے ہیں۔ ریاست میں یہ سہولت 2 مارچ سے مل سکے گی اور 31 مارچ تک جاری رہے گی۔ یعنی جو مسلم ملازمین عام طور پر شام 5 بجے دفتر سے نکلتے تھے، وہ 4 بجے ہی دفتر سے گھر کے لیے روانہ ہو سکتے ہیں۔

جنرل ایڈمنسٹریشن ڈپارٹمنٹ کی طرف سے ایک آفیشیل سرکلر جاری کر مسلم سرکاری ملازمین کو ایک گھنٹہ قبل چھٹی دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس سرکلر میں بتایا گیا ہے کہ سہولت اساتذہ، کانٹریکٹ، آؤٹ سورسنگ، بورڈ، کارپوریشنز اور پبلک سیکٹر میں کام کرنے والے سبھی مسلم ملازمین کو ملے گی۔ یہ قدم رمضان میں مسلمانوں کے روزہ کو توجہ میں رکھتے ہوئے اٹھایا گیا ہے، تاکہ ملازمین کو اپنے مذہبی اعمال اور عبادات میں آسانی پیدا ہو۔

تلنگانہ کی کانگریس حکومت کے ذریعہ اٹھائے گئے اس قدم کی بی جے پی لیڈران تنقید کر رہے ہیں۔ بی جے پی رکن اسمبلی ٹی راجہ سنگھ کا کہنا ہے کہ کانگریس کو صرف مسلم ووٹوں پر بھروسہ ہے، اور اس کی مدد سے ہی اقتدار حاصل کیا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ اس فیصلے سے مذہبی تقسیم میں اضافہ ہوگا۔ سبھی کے لیے یکساں حقوق ہو یا پھر کسی کے لیے نہ ہو۔ بی جے پی آئی ٹی سیل کے چیف امت مالویہ نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر تلنگانہ حکومت کے فیصلے کو غلط ٹھہرایا ہے۔ انھوں نے کہا کہ نوراتری جیسے تہواروں کے دوران ہندوؤں کے لیے تو ایسی کوئی رعایت نہیں دی جاتی، جب وہ اُپواس (روزہ) رکھتے ہیں۔ حالانکہ تلنگانہ کانگریس کمیٹی کے ترجمان سید نظام الدین نے حکومت کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ’’بی جے پی کے الزامات گمراہ کن ہیں۔ بی جے پی فرقہ پرستی پر مبنی بیانات دینے کی عادی ہے۔ دسہرے پر 13 دن کی چھٹی ہوئی تھی۔‘‘


Share: