ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / اعظم خان کے بیٹے عبداللہ اعظم کو بڑی راحت، ایم پی-ایم ایل اے کورٹ سے ضمانت منظور

اعظم خان کے بیٹے عبداللہ اعظم کو بڑی راحت، ایم پی-ایم ایل اے کورٹ سے ضمانت منظور

Wed, 19 Feb 2025 11:17:54    S O News

 لکھنؤ  ، 19/فروری (ایس او نیوز/ایجنسی )سماجوادی پارٹی کے جنرل سکریٹری اعظم خان کے بیٹے عبداللہ اعظم کی جیل سے رہائی کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔ دشمنانہ ملکیت خرد برد کے معاملے میں عدالت نے ان کی ضمانت منظور کر لی ہے۔ رام پور کے ایم پی-ایم ایل اے مجسٹریٹ کورٹ نے عبداللہ اعظم کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا ہے، اور توقع ہے کہ وہ اگلے 3 سے 4 دنوں میں جیل سے باہر آ جائیں گے۔ ایک وقت تھا جب اعظم خان، ان کی اہلیہ تنزین فاطمہ اور بیٹا عبداللہ اعظم تینوں جیل میں قید تھے۔ تنزین فاطمہ پہلے ہی ضمانت پر رہا ہو چکی ہیں، اور اب عبداللہ اعظم کی رہائی کا بھی راستہ صاف ہو گیا ہے۔

سابق رکن اسمبلی عبداللہ اعظم ہردوئی جیل میں بند ہیں۔ وہ 17 ماہ بعد جیل سے باہر آئیں گے۔ یوپی میں سماجوادی پارٹی کی حکومت جانے اور یوگی حکومت بننے کے بعد اعظم خاں اور ان کے کنبہ پر یکے بعد دیگرے کئی کیسز درج ہوئے تھے۔ کئی کیسز اعظم خان کے ساتھ ساتھ ان کی بیوی تنزین اور بیٹے عبداللہ پر ہوئے، جس کے بعد انھیں جیل میں بند کر دیا گیا۔ عبداللہ کو دشمنانہ ملکیت ہضم کرنے کے معاملے میں ملزم بنایا گیا تھا۔ یہ مقدمہ ریکارڈ روم کے اسسٹنٹ ریکارڈ کیپر محمد فرید کی طرف سے سول لائنس تھانے میں 9 مئی 2020 کو درج کرایا گیا تھا۔ لکھنؤ کے پیرپور ہاؤس باشندہ سید آفاق احمد اور نامعلوم کے خلاف مقدمہ درج ہوا تھا۔ اس میں دشمنانہ ملکیت کو خرد برد کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

دشمنانہ ملکیت معاملے میں ضمانت کے لیے اعظم خان نے بھی عرضی لگائی تھی۔ حالانکہ بعد میں انھوں نے عرضی واپس لے لی تھی۔ اس کے بعد عبداللہ اعظم کی ضمانت عرضی پر پیر کے روز بحث پوری ہو گئی تھی۔ معلوم ہو کہ کچھ ماہ پہلے دشمنانہ ملکیت کو خرد برد کرنے کے الزام میں پھنسے سماجوادی پارٹی لیڈر اعظم خاں و عبداللہ اعظم کو رامپور پولیس نے کلین چٹ دے دی تھی۔ اس کے بعد یہ معاملہ انتظامیہ تک پہنچا تھا۔ انتظامیہ نے اس معاملے پر دوبارہ غور و خوض کا حکم دیا تھا۔ ایس پی نے اس معاملے کی جانچ کرائم سیل کے انسپکٹر نواب سنگھ کو سونپی تھی۔ نواب سنگھ اس وقت شہر کوتوال ہیں۔


Share: