ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / دہلی-یوپی سمیت کئی ریاستوں میں بارش اور برفباری کا امکان، سردی میں اضافے کی پیش گوئی

دہلی-یوپی سمیت کئی ریاستوں میں بارش اور برفباری کا امکان، سردی میں اضافے کی پیش گوئی

Thu, 20 Feb 2025 17:54:38    S O News

نئی دہلی ، 21/فروری (ایس او نیوز/ایجنسی )ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کی پیش گوئی کے مطابق ویسٹرن ڈسٹربینس کے اثرات کی وجہ سے دہلی-این سی آر، نوئیڈا، ہریانہ، پنجاب، اتر پردیش اور راجستھان میں 20 اور 21 فروری کو تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی سے درمیانے درجے کی بارش کا امکان ہے۔ ان علاقوں میں بادلوں کی آمد و رفت پہلے ہی شروع ہو چکی ہے۔ اگر بارش ہوتی ہے تو درجہ حرارت میں معمولی کمی واقع ہو سکتی ہے، جس سے سردی کی شدت میں ایک بار پھر اضافہ محسوس کیا جا سکتا ہے۔

بدھ کو دہلی میں کم سے کم درجہ حرارت 13.3 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا جو معمول سے 2.2 ڈگری زیادہ ہے۔ وہیں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28.8 ڈگری سیلسیس رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آنے والے دنوں میں آندھی اور بارش کا امکان ہے۔ وہیں دہلی میں آلودگی کی سطح بھی باعث تشویش بنی ہوئی ہے۔ مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کے مطابق دہلی کا ایئر کوالیٹی (اے کیو آئی) 209 درج کیا گیا جو 'خراب زمرے' میں آتا ہے۔

اتر پردیش کے کئی ضلعوں میں گرج اور چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے شاہجہاں پور، بدایوں، لکھیم پور کھیری، سیتاپور اور ہردوئی سمیت کئی ضلعوں میں بجلی چمکنے کا الرٹ جاری کیا ہے۔ وہیں راجستھان میں بھی ویسٹرن ڈسٹربینس کے فعال ہونے سے جئے پور، کوٹا، بیکانیر، بھرت پور اور جودھپور سمیت کئی علاقوں میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔

سائیکلونک سرکولیشن کی وجہ سے اروناچل پردیش، میگھالیہ، آسام، ناگالینڈ، میزورم، سکم، منی پور اور مغربی بنگال کے کچھ علاقوں میں گرج اور چمک کے ساتھ بھاری بارش کے آثار ہیں۔ اس دوران 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں جس سے موسم ٹھنڈ بنی رہے گی۔

ہریانہ اور پنجاب میں 20 سے 21 فروری کے درمیان آسمان پر بادل آتے جاتے رہیں گے۔ ہریانہ کے سرسا، کہسار اور فتح آباد میں ہلکی بارش کے آثار ہیں۔ وہیں بہار میں 23 فروری سے 16 ضلعوں میں بارش کی پیش گوئی ہے۔ سوپول، ارریہ، مدھے پورہ، کشن گنج، کٹیہار سمیت کئی علاقوں میں آسمانی بجلی اور گرج-چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔


Share: