بنگلورو، 13/ ستمبر (ایس او نیوز /ایجنسی) پولیس نے سنیچر کو بتایا کہ بنگلورو سینٹرل جیل میں سزا یافتہ سابق ایم پی پرجول ریونّا اور زیر سماعت قیدی پرتاپ رائے کے ہائی سیکیورٹی سیل سے ضبط کیے گئے موبائل فون اور پین ڈرائیو کی فورنسک جانچ میں فحش ویڈیوز، او ٹی ٹی فلمیں اور جیل سے باہر لوگوں سے غیر مجاز رابطوں کا پتہ چلا ہے۔تفتیش کاروں کو سونپی گئی فورنسک رپورٹ کے مطابق، موبائل فون میں۱۴۵؍ سے زیادہ ویڈیو کلپس تھے، جن میں فحش مواد، او ٹی ٹی سیریز اور فلمیں شامل تھیں، جبکہ پین ڈرائیو میں۱۰۰؍ سے زیادہ ایسی کلپس تھیں۔ایک افسر نے بتایا کہ فون کے کال ریکارڈ کے تجزیے سے یہ بھی سامنے آیا کہ بیچ میں لوگوں کے ذریعے ریونّا کے خاندان کے افراد سے غیر مجاز رابطہ کیا گیا، ساتھ ہی ایک خاتون دوست کو براہ راست کالیں بھی کی گئیں۔
واضح رہے کہ پرجول ریونّا ایک عصمت دری کے کیس میں سزا کے بعد پاراپنا اگرہارا سینٹرل جیل میں عمر قید کی سزا کاٹ رہا ہے، جبکہ رائے پوکسو ایکٹ کے تحت ایک کیس میں زیر سماعت قیدی ہے۔بعد ازاں پولیس نے۱۱؍ اگست کو سینٹرل کرائم برانچ (سی سی بی) کی جانب سے سیکیورٹی ڈویژن بیرک کے اچانک معائنے کے دوران فون، سم کارڈ، چارجر اور ایک نوٹ بک ضبط کی تھی۔ اس کے بعد انہوں نے تفتیش کے حصے کے طور پر ڈیوائس کے ڈیٹا کو نکال کر جانچ کی۔سیل سے برآمد ہونے والی نوٹ بک میں چھ سے سات فون نمبر تھے، جن میں خاندان کے افراد اور ایک خاتون دوست کے نمبر شامل تھے۔ ریونّا نے موبائل فون کا مالک ہونے سے انکار کیا اور دعویٰ کیا کہ یہ قیدیوں میں باری باری بانٹا جاتا تھا۔ افسر نے کہا، ’’تاہم، اس نے تسلیم کیا کہ سیل سے برآمد ہونے والی نوٹ بک اسی کی ہے۔‘‘جبکہ پولیس نے کہا کہ وہ ان لوگوں کو نوٹس جاری کرے گی جن کے نمبر فون کی کال ہسٹری میں ملے ہیں اور مبینہ رابطوں کے حالات کی جانچ کرے گی۔
دریں اثناء الیکٹرانک سٹی ڈویژن پولیس نے جیل میں ممنوعہ اشیاء کی اسمگلنگ کے سلسلے میں جمعہ کو پانچ لوگوں کو گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق، ایک جیل وارڈر نے مبینہ طور پر موبائل فون کی انٹری میں سہولت فراہم کی، جبکہ ایک دوسرے قیدی نے سم کارڈ کا انتظام کیا۔یہ گرفتاریاں ضبطی کے بعد ہوئیں، جس کے بعد پولیس نے پاراپنا اگرہارا پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کی۔ تفتیش کار اب جیل کے اندر غیر مجاز الیکٹرانک آلات لانے اور چلانے میں ملوث وسیع نیٹ ورک کی جانچ کر رہے ہیں۔