بنگلورو ، 4/ جون (ایس او نیوز /ایجنسی ) چیف الیکٹورل آفیسر وی۔ انبو کمار، آئی اے ایس نے خصوصی جامع نظرثانی (Special Intensive Revision – SIR) مہم کے چوتھے دن کی پیش رفت پر مبنی روزانہ کی رپورٹ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ ریاست بھر میں ووٹر فہرستوں کی نظرثانی کا عمل تیزی سے جاری ہے اور اب تک 2 کروڑ 1 لاکھ 24 ہزار 411 مردم شماری (Enumeration) فارم ووٹروں میں تقسیم کیے جا چکے ہیں۔
چیف الیکٹورل آفیسر کے مطابق 16 جون 2026 تک ریاست میں رجسٹرڈ ووٹروں کی مجموعی تعداد 5 کروڑ 54 لاکھ 32 ہزار 314 ہے۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا کی ہدایات کے مطابق 30 جون سے 29 جولائی 2026 تک گھر گھر جا کر فارم تقسیم کرنے اور اسی مدت میں ان کی ڈیجیٹل اندراج (Digitization) کا عمل جاری رہے گا۔
اعداد و شمار کے مطابق اب تک مجموعی ووٹروں میں سے 36.30 فیصد کو فارم تقسیم کیے جا چکے ہیں، جبکہ 12 لاکھ 7 ہزار 432 فارموں کا ڈیجیٹل اندراج مکمل ہو چکا ہے، جو کل ووٹروں کا 2.18 فیصد بنتا ہے۔ اس کے علاوہ 54 ہزار 823 ووٹروں نے اپنے فارم آن لائن جمع کرائے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اب تک 17,688 فارم اضافی جانچ (ASDDO) کے لیے نشان زد کیے گئے ہیں، جبکہ 8,853 فوت شدہ، 6,828 مستقل طور پر منتقل ہو چکے ووٹروں، 1,636 پہلے سے رجسٹرڈ ووٹروں، 264 ناقابلِ سراغ ووٹروں اور 107 دیگر معاملات کی نشاندہی کی گئی ہے۔
چیف الیکٹورل آفیسر نے بتایا کہ بعض اضلاع سے شکایات موصول ہوئی تھیں کہ کچھ بوتھ لیول افسران (BLOs) گھر گھر جانے کے بجائے دفاتر یا دیگر مقامات سے فارم تقسیم کر رہے ہیں۔ ان شکایات کے بعد تمام ضلع انتخابی افسران کو سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ ہر بی ایل او الیکشن کمیشن آف انڈیا کی ہدایات کے مطابق گھر گھر جا کر فارم تقسیم کرے اور مقررہ طریقۂ کار پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جن ووٹروں کو فارم بھرنے میں دشواری پیش آئے، وہ اپنے قریبی ووٹر فیسلیٹیشن سینٹر سے رجوع کر سکتے ہیں، جہاں انہیں ضروری رہنمائی اور تعاون فراہم کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں عوامی بیداری مہم بھی جاری ہے۔
ریاستی سطح پر جاری اس خصوصی نظرثانی مہم کا مقصد ووٹر فہرستوں کو زیادہ سے زیادہ درست، شفاف اور جامع بنانا ہے تاکہ ہر اہل شہری اپنے حقِ رائے دہی سے مؤثر انداز میں استفادہ کر سکے۔