ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / پارلیمانی کمیٹی اجلاس میں ہنگامہ، اپوزیشن نے بجٹ کے کم استعمال اور دہلی میں بڑھتے جرائم پر سوال اٹھائے

پارلیمانی کمیٹی اجلاس میں ہنگامہ، اپوزیشن نے بجٹ کے کم استعمال اور دہلی میں بڑھتے جرائم پر سوال اٹھائے

Sat, 22 Feb 2025 13:04:37    S O News

نئی دہلی ، 22/فروری (ایس او نیوز/ایجنسی )مرکزی وزارت داخلہ کی پارلیمانی کمیٹی کی میٹنگ میں اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ نے کئی اہم مسائل پر آواز بلند کی۔ اطلاعات کے مطابق اجلاس کے دوران ایک موقع پر صورتحال کشیدہ ہو گئی، جب دہلی میں بڑھتے ہوئے جرائم پر بحث چھڑ گئی۔ اپوزیشن نے بجٹ کے کم استعمال اور دارالحکومت میں خواتین و بچوں کے خلاف بڑھتے جرائم پر سخت سوالات اٹھائے۔ اراکین نے حکومت سے دونوں معاملات پر وضاحت طلب کرتے ہوئے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا۔

وزارت داخلہ کی پارلیمان کمیٹی کی یہ میٹنگ جمعرات اور جمعہ (20 اور 21 فروری) کو بی جے پی رکن پارلیمنٹ رادھا موہن داس اگروال کی صدارت میں ہوئی۔ اس میں 2025-26 کے لیے وزارت داخلہ کے گرانٹ مطالبہ پر تبادلہ خیال ہوا۔ ذرائع کے مطابق ترنمول کانگریس کے ایک رکن پارلیمنٹ نے نربھیا فنڈ کے بجٹ کا استعمال نہ کیے جانے کا ایشو اٹھایا۔ انھوں نے کہا کہ تقریباً دو تہائی فنڈ کا استعمال ہی نہیں کیا گیا۔ نربھیا فنڈ ان پروجیکٹس پر خرچ کیے جاتے ہیں جو شہر میں خواتین کو محفوظ بناتے ہیں۔

ترنمول کانگریس رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ حکومت نے بجٹ میں بارڈر اسٹرکچر اینڈ مینجمنٹ کے فنڈ کو بڑھایا ہے۔ گزشتہ سال اس مد میں 3756.51 کروڑ کا بجٹ الاٹ کیا گیا تھا۔ اس مرتبہ اس میں 1840.74 کروڑ روپے کا اضافہ کیا گیا، اور یہ اب مجموعی طور پر 5597.25 کروڑ روپے ہو گیا ہے۔ حکومت کو اس سلسلے میں وضاحت پیش کرنی چاہیے۔ انھوں نے الزام عائد کیا کہ مردم شماری جیسی سرگرمیاں دھیمی چل رہی ہیں اور اس میں بجٹ کا الاٹنمنٹ بھی بہت کم ہے۔

میٹنگ میں مذکورہ بالا ایشوز کے علاوہ اپوزیشن رکن پارلیمنٹ نے جیلوں کی جدیدکاری، دہشت گردی و فرقہ وارانہ تشدد کے متاثرین کے لیے مرکزی فنڈ اور انڈمان و نکوبار کے علاوہ لکشدیپ کی ترقی کے لیے دیے گئے فنڈ کے کم استعمال پر بھی فکر ظاہر کی۔ کانگریس رکن پارلیمنٹ نے قومی راجدھانی دہلی میں خواتین و بچوں کے خلاف بڑھتے جرائم کا ایشو اٹھایا۔ انھوں نے زیر التوا معاملوں مین دہلی پولیس کے ریکارڈ پر فکر بھی ظاہر کی۔

بہرحال، اس میٹنگ میں جمعرات کو سکریٹری برائے داخلہ نے وزارت داخلہ، مرکزی مسلح پولیس فورس، مرکزی پولیس آرگنائزیشن کے طلب گرانٹ پر پریزنٹیشن دیا۔ جمعہ کے روز اس میٹنگ میں سکریٹری برائے داخلہ نے دہلی پولیس، مرکز کے زیر انتظام خطوں دہلی، پڈوچیری، دادر و ناگر حویلی، دمن و دیو، جموں و کشمیر، لداک، لکشدیپ، چنڈی گڑھ اور انڈمان و نکوبار الجزائر کے طلب گرانٹ سے متعلق پریزنٹیشن دیا۔


Share: