بنگلورو، 31/ اگست (ایس او نیوز /ایجنسی) نیٹ امتحان میں مبینہ بے ضابطگیوں اور طلبہ کی خودکشی کے واقعات کے خلاف کرناٹک یوتھ کانگریس کے کارکنوں اور طلبہ نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے بنگلورو میں احتجاج کیا۔ مظاہرین نے مالیشورم میں واقع بھارتیہ جنتا پارٹی کے دفتر کی جانب مارچ کرتے ہوئے دفتر کا گھیراؤ کرنے کی کوشش کی، جس کے بعد پولیس نے متعدد احتجاجیوں کو حراست میں لے لیا اور بعد میں رہا کردیا۔
احتجاج کے دوران یوتھ کانگریس کارکنوں اور طلبہ نے مرکزی حکومت کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے طلبہ کے مستقبل کے ساتھ مبینہ کھلواڑ پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ احتجاج میں بڑی تعداد میں نوجوان کانگریس کارکن اور طلبہ شریک ہوئے۔
یوتھ کانگریس نے الزام عائد کیا کہ پرامن احتجاج کے دوران پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج کیا۔ کرناٹک پردیش یوتھ کانگریس کے صدر ایچ۔ ایس۔ منجوناتھ نے پولیس کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جمہوری نظام میں پرامن احتجاج ہر شہری کا آئینی حق ہے۔
انہوں نے کہا کہ طلبہ کے مستقبل اور انصاف کے لیے سڑکوں پر اترنے والے یوتھ کانگریس کارکنوں پر پولیس کا لاٹھی چارج قابل مذمت ہے۔ ان کے مطابق سچائی کو دبانے اور عوام کی آواز کو خاموش کرنے کے لیے لاٹھی چارج کیا گیا، جو قابل قبول نہیں ہے۔
یوتھ کانگریس نے نیٹ امتحان سے متعلق مبینہ بے ضابطگیوں اور طلبہ میں بڑھتی ہوئی تشویش کے لیے مرکزی حکومت کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے استعفے کا مطالبہ کیا۔
احتجاج میں بھارتی یوتھ کانگریس کے قومی سکریٹری طارق باغوان سمیت یوتھ کانگریس کے متعدد عہدیداران اور طلبہ نے شرکت کی۔