بنگلورو، یکم اگست (ایس او نیوز) : نیشنل فیڈریشن آف گرلز اسلامک آرگنائزیشن (این ایف جی آئی او) نے جمعہ کو بنگلور اسلامک فاؤنڈیشن ٹرسٹ (BIFT)، کوئینز روڈ میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس کے ذریعے اپنی ماہِ اگست پر محیط ملک گیر مہم "ایمبرسنگ فیمنینٹی" (نسوانیت کو اپنانا) کا اعلان کیا۔ یکم اگست سے 31 اگست تک جاری رہنے والی اس مہم کا مقصد نوجوان خواتین کو ان کی فطرت سے ہم آہنگ نسوانیت کی اہمیت سے روشناس کرانا اور باوقار، متوازن اور ہمہ جہت طرزِ زندگی کی طرف رہنمائی کرنا ہے۔
مہم کی کنوینر سمین مومن نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ اس دوران ملک بھر میں گرلز اسلامک آرگنائزیشن ( جی آئی او ) کی مختلف ریاستی، ضلعی، مقامی اور کیمپس یونٹس کے زیر اہتمام سیمینار، ورکشاپس، کیمپس پروگرام، آن لائن نشستیں اور عوامی بیداری کی سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی۔
نیشنل فیڈریشن کی نائب صدر عفیفہ تہنیت نے مہم کے مرکزی تصور کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ آج کی عورت ایک طرف فرسودہ سماجی رویوں اور دوسری طرف ایسی فکری تحریکوں کے درمیان گھری ہوئی ہے جو نسوانیت کو کمزوری سمجھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ مہم اسلامی اقدار کی روشنی میں ایک "تیسری راہ" پیش کرتی ہے، جہاں نسوانیت کو کمزوری نہیں بلکہ وقار، توازن، قوت اور باطنی سکون کا سرچشمہ سمجھا جاتا ہے۔
جی آئی او کرناٹک کی زونل ایڈوائزری کونسل کی رکن بصیرہ بانو نے کنڑا زبان میں خطاب کرتے ہوئے نوجوان طالبات اور خواتین سے اپیل کی کہ وہ اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اس کے پیغام کو عام کریں۔
نیشنل فیڈریشن کی صدر ایڈوکیٹ سُمیہ روشن صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ مہم خواتین کے حقوق، وقار، صلاحیتوں اور معاشرے میں ان کے مؤثر کردار کو اجاگر کرنے کی ایک سنجیدہ کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ نسوانیت قیادت، علم، جرات اور صلاحیت کے منافی نہیں بلکہ ان کے ساتھ ہم آہنگ ہو سکتی ہے۔ انہوں نے اس رجحان پر تشویش ظاہر کی کہ آج خواتین کی قدر و قیمت کو صرف کارکردگی اور مسلسل پیداواریت سے ناپا جا رہا ہے، جس کے نتیجے میں ذہنی دباؤ، تھکن اور اندرونی سکون متاثر ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہم ایک متوازن معاشرے کی تشکیل کی دعوت دیتی ہے جہاں خواتین اپنی نسوانیت کو برقرار رکھتے ہوئے سماجی، تعلیمی، فکری اور پیشہ ورانہ میدانوں میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔
ایک سوال کے جواب میں ایڈوکیٹ سُمیہ روشن نے بتایا کہ یہ مہم 18 ریاستوں میں چلائی جائے گی جہاں جی آئی او منظم طور پر سرگرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہم کا مقصد نوجوان لڑکیوں کو یہ شعور دینا ہے کہ نسوانیت ان کی فطرت کا لازمی حصہ ہے، جس کے ساتھ اللہ تعالیٰ نے ہر انسان کو پیدا فرمایا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ مہم کی افتتاحی تقریب اتوار، 2 اگست کو ایگریکلچرل انسٹی ٹیوٹ آڈیٹوریم، بنگلورو میں منعقد ہوگی، جس کے ساتھ ملک بھر میں ماہ بھر جاری رہنے والی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز ہوگا۔