ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / مصطفیٰ آباد کا نام بدلنے کی تجویز پر راگنی نائک کا تنقیدی ردعمل، 'ترقی کے وعدے کیے تھے مگر نام پر توجہ دی جا رہی ہے'

مصطفیٰ آباد کا نام بدلنے کی تجویز پر راگنی نائک کا تنقیدی ردعمل، 'ترقی کے وعدے کیے تھے مگر نام پر توجہ دی جا رہی ہے'

Tue, 11 Feb 2025 19:11:40    S.O. News Service

نئی دہلی ، 11/فروری (ایس او نیوز /ایجنسی)دہلی کے مصطفیٰ آباد اسمبلی حلقے کا نام بدلنے کی تجویز پر تنازعہ شدت اختیار کر گیا ہے۔ بی جے پی کے نومنتخب ایم ایل اے موہن سنگھ بشٹ نے مصطفیٰ آباد کا نام 'شیوپوری' یا 'شیو وہار' رکھنے کی تجویز دی، جس پر کانگریس کی ترجمان راگنی نائک نے شدید اعتراض کرتے ہوئے سخت ردعمل ظاہر کیا۔

راگنی نائک نے خبر رساں ایجنسی آئی اے این ایس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، ’’مجھے لگتا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈران کو دہلی کے عوام نے ایک بڑی ذمہ داری دی ہے۔ دہلی میں ان کا 27 سال کا ’ونواس‘ ختم ہوا ہے۔ وہ 5 ٹریلین کی معیشت، سب کا ساتھ، سب کا وکاس کے نعرے لگا کر اقتدار میں آئے ہیں لیکن اب وہ ترقی اور خوشحالی کے بجائے نام بدلنے پر فوکس کر رہے ہیں۔‘‘

کانگریس کی ترجمان نے مزید کہا، ’’انہوں نے بہنوں اور بیٹیوں کو پیسہ دینے کا وعدہ کیا تھا، یمنا کو صاف کرنے کی بات کی تھی لیکن ان کے لیے سب سے اہم مسئلہ یہ ہے کہ اسمبلی حلقوں کے نام کیسے بدلے جائیں؟ وہ مصطفی آباد کا نام بدلنے کی بات کر رہے ہیں، کیا لوگوں نے انہیں مصطفی آباد کا نام بدلنے کے لیے اکثریت دی تھی؟ جن کے نام بڑے اور درشن چھوٹے ہوتے ہیں، وہ ایسی حقیر باتیں کرتے ہیں۔‘‘

قبل ازیں، موہن سنگھ بشٹ نے علاقے کا نام بدلنے کی تجویز دی تھی اور اس کی جگہ ’شیوپوری‘ یا ’شیو وہار‘ کا نام رکھا جانے کا کہا تھا۔ بشٹ نے آئی اے این ایس سے بات کرتے ہوئے کہا، ’’ایک طرف 58 فیصد لوگ ہیں، دوسری طرف 42 فیصد۔ اسمبلی کا نام 42 فیصد لوگوں کی پسند کا نہیں ہو سکتا۔ یہ 58 فیصد لوگوں کے ساتھ ناانصافی ہے۔ میں اس اسمبلی حلقہ کا نام اکثریتی لوگوں کے نام پر تبدیل کراؤں گا۔ جیسے ہی اسمبلی کا پہلا اجلاس شروع ہوگا، میں یہ تجویز لاؤں گا کہ مصطفی آباد اسمبلی کا نام بدل کر شیوپوری یا شیو وہار رکھا جائے۔‘‘


Share: