امراوتی، 15/اپریل (ایس او نیوز/ایجنسی)مہاراشٹر کے ضلع بلڈھانا میں پیش آنے والے ایک شدید سڑک حادثے نے علاقے میں سنسنی پھیلا دی ہے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک تیز رفتار ٹرک اور مسافر بس آپس میں ٹکرا گئے۔ اس خوفناک تصادم کے نتیجے میں 3 افراد موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے جبکہ 20 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ واقعے کے بعد موقع پر کہرام مچ گیا اور امدادی ٹیمیں فوراً جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔
خبر رساں ایجنسی ’آئی اے این ایس‘ کے مطابق یہ حادثہ مہاراشٹر کے بلڈھانا میں کھام گاؤں-نادورا روڈ پر ہوا۔ یہاں ایک پرائیویٹ بس اچانک ایک ٹرک سے جا ٹکرائی۔ ٹکر اتنی زوردار تھی کہ دونوں گاڑیوں کے پرخچے اڑ گئے۔ حادثے میں 3 لوگوں کی جان چلی گئی۔ بس میں سوار 20 مسافروں کو شدید چوٹیں آئی ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق بس اور اینٹ ڈھونے والے ٹرک میں آمنے سامنے کی ٹکر ہوئی۔ حادثے کے بعد موقع پر چیخ و پکار مچ گیا۔ مقامی لوگ مدد کے لیے دوڑے اور پولیس کو حادثے کی اطلاع دی گئی۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیم موقع پر پہنچی اور مقامی لوگوں کی مدد سے زخمیوں کو اسپتال پہنچایا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
بلڈھانا حادثے کا ویڈیو بھی سامنے آیا ہے۔ اس ویڈیو میں حادثے کا خوفناک منظر دیکھا جا سکتا ہے۔ حادثہ اتنا بھیانک تھا کہ آس پاس موجود اینٹ کی دیوار بھی ٹوٹ کر بکھر گئی۔ مدھیہ پردیش ٹرانسپورٹ کی پرائیویٹ بس اور ٹرک کے درمیان یہ ٹکر ہوئی۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی زخمیوں کے اہل خانہ اسپتال پہنچ گئے۔