کاروار، 24 /ستمبر (ایس او نیوز)اُترکنڑا ضلع ڈپٹی کمشنرلکشمی پریا نے ضلع کے تمام صنعتی علاقوں میں متعلقہ شہری مقامی اداروں کے ذریعے ضروری بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے۔
جمعرات کو ضلع ڈپٹی کمشنر دفتر کے کانفرنس ہال میں منعقدہ صنعتی اسپندنا کمیٹی اورسنگل ونڈو منظوری کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھٹکل، ڈانڈیلی، ہلیال، کمٹہ، یلاپور، سرسی، شیرواڑ اور رام نگر کے صنعتی علاقوں میں درکار بنیادی سہولیات سے متعلق صنعت کاروں سے مطالبات حاصل کرکے محکمہ صنعت کے افسران انہیں ضلعی شہری ترقیاتی سیل کے حکام کے حوالے کریں۔
انہوں نے تمام شہری مقامی اداروں کو ہدایت دی کہ اپنے دائرۂ اختیار میں موصول ہونے والے مطالبات کو موجودہ مالی سال کے ایکشن پلان میں شامل کرکے فوری طور پر تجاویز پیش کریں اور متعلقہ ترقیاتی کام شروع کریں۔
ضلع میں کئی برسوں سے زیر التوا صنعتی علاقوں سے متعلق نقشوں کی درستگی اور ای-سواستو جاری کرنے کے کام میں مختلف محکموں کے درمیان بہتر تال میل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ضلع ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ باقی تمام معاملات کو بھی جلد از جلد مکمل کیا جائے۔
انہوں نے کرناٹک اسٹیٹ اِسمال اسکیل انڈسٹریل ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے افسران کو ہدایت دی کہ ضلع کے ہر صنعتی علاقے کا ذاتی طور پر دورہ کرکے وہاں فعال اور بند صنعتی یونٹس کی معلومات حاصل کریں، ریکارڈ کی جانچ کریں اور زمینی صورتحال پر مبنی رپورٹ پیش کریں۔
رام نگر اور کمٹہ صنعتی علاقوں میں مسلسل بجلی کی فراہمی کے لیے 33/1 کے وی صلاحیت کے بجلی ذیلی اسٹیشن کے قیام اور امبیواڑی آٹو سٹی صنعتی علاقے میں پلاٹوں کی تقسیم کے سلسلے میں KIADB کی ہدایات کے مطابق کارروائی کرنے کی بھی ہدایت دی گئی۔ اسی طرح کمٹہ تعلقہ کے مرجان میں وِشوا ملیِگے کی رجسٹریشن سے متعلق ضروری کارروائی کرنے کو کہا گیا۔
کمٹہ صنعتی علاقے کے لیے علیحدہ فیڈر کی تنصیب کا تخمینہ منظور ہوچکا ہے، تاہم ریلوے ٹریک کے نیچے زیرِ زمین کیبل بچھانے کا کام باقی ہے۔ ہیسکام کے افسران نے اجلاس کو بتایا کہ یہ مکمل کام ایک ماہ کے اندر مکمل کرلیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر نے ضلعی ہنر مندی ترقیاتی افسران کو یہ بھی ہدایت دی کہ صنعتی یونٹس میں درکار تکنیکی مہارت رکھنے والے عملے سے متعلق صنعت کاروں سے معلومات اور مطالبات حاصل کیے جائیں اور ضلع کے ITI اور ڈپلومہ کالجوں کے سربراہان سے تبادلہ خیال کرکے طلبہ کے لیے صنعتوں کی ضروریات کے مطابق ہنرمندی کی تربیت کا انتظام کیا جائے۔
اجلاس میں ضلعی صنعتی مرکز کے جوائنٹ ڈائریکٹر ناگراج نائک، ضلع پنچایت کے ڈپٹی سکریٹری پرکاش ہلمّا نور، ضلعی شہری ترقیاتی سیل کے پلاننگ ڈائریکٹر ظہیرعباس سمیت مختلف محکموں کے افسران موجود تھے۔