ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / کرناٹک میں ووٹر فہرست اپڈیٹ مہم، ڈیجیٹل اندراج اور فارم تقسیم کا عمل تیزی سے جاری

کرناٹک میں ووٹر فہرست اپڈیٹ مہم، ڈیجیٹل اندراج اور فارم تقسیم کا عمل تیزی سے جاری

Thu, 09 Jul 2026 12:11:53    S O News

بنگلورو، 9/ جولائی (ایس او نیوز/ایجنسی)کرناٹک کے دفترِ چیف الیکٹورل آفیسر نے ووٹر فہرست کی خصوصی جامع نظرثانی مہم کے سلسلے میں یومیہ جائزہ رپورٹ جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ریاست بھر میں اینومریشن فارموں کی تقسیم اور ڈیجیٹل اندراج کا عمل تیزی سے جاری ہے۔

رپورٹ کے مطابق 16 جون 2026 تک ریاست میں رجسٹرڈ ووٹروں کی مجموعی تعداد 5,54,32,314ہے۔ تمام اینومریشن فارم چھپوا کر بوتھ لیول افسران (بی ایل اوز) کے حوالے کر دیے گئے ہیں۔

چیف الیکٹورل آفیسر کے مطابق گھر گھر جا کر ووٹروں سے معلومات حاصل کرنے کا مرحلہ 30 جون سے 29 جولائی 2026 تک جاری رہے گا، جبکہ اسی مدت کے دوران فارموں کا ڈیجیٹل اندراج بھی کیا جا رہا ہے۔

اب تک ریاست بھر میں 4,57,05,239 اینومریشن فارم، یعنی مجموعی ہدف کا 82.45 فیصد تقسیم کیے جا چکے ہیں۔ اس دوران22,122 پولنگ مراکز میں فارموں کی 100 فیصدتقسیم مکمل ہو چکی ہے، جبکہ 14,105 پولنگ مراکز میں 90 فیصدسے زیادہ فارم تقسیم کیے جا چکے ہیں۔

ڈیجیٹل اندراج کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اب تک50,65,447 فارم، یعنی 10.22 فیصد فارموں کا کامیابی سے ڈیجیٹل اندراج مکمل کیا جا چکا ہے۔ 5 پولنگ مراکز میں فارموں کا 100 فیصد ڈیجیٹل اندراج مکمل ہو چکا ہے، جبکہ 83 مراکز میں یہ شرح 90 فیصد سے تجاوز کر چکی ہے۔

رپورٹ کے مطابق 1,06,818 ووٹروں نے اپنے اینومریشن فارم آن لائن جمع کرائے ہیں، جو مجموعی ووٹروں کا 0.30 فیصد بنتے ہیں۔

نظرثانی مہم کے دوران 1,48,007 ووٹروں کو متعدد اندراجات یا دیگر وجوہات کی بنا پر جانچ کے لیے نشان زد کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ 2,772 ووٹر ناقابلِ رسائی پائے گئے، 75,061 مستقل طور پر دوسرے مقامات پر منتقل ہو چکے ہیں، 59,461 ووٹروں کے انتقال کی تصدیق ہوئی ہے، 10,078 افراد پہلے ہی رجسٹرڈ پائے گئے، جبکہ 635 معاملات دیگر زمروں میں شامل کیے گئے ہیں۔

دفترِ چیف الیکٹورل آفیسر نے بتایا کہ مالی سال 2026-2027 کے لیے ہر بوتھ لیول افسر کو 16,000 روپے اعزازیہ ادا کرنے کی غرض سے147.24 کروڑ روپے کی دوسری قسط 7 جولائی 2026 کو تمام اضلاع کو جاری کر دی گئی ہے۔

ضلع وار رپورٹ کے مطابق اینومریشن فارموں کی تقسیم اور ڈیجیٹل اندراج کا عمل تمام اضلاع میں جاری ہے، جبکہ متعلقہ ضلعی انتخابی افسران اور بوتھ لیول افسران کو مقررہ مدت کے اندر نظرثانی کا عمل مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر نے ریاست کے تمام اہل ووٹروں سے اپیل کی ہے کہ وہ بوتھ لیول افسران سے تعاون کریں، اینومریشن فارم بروقت جمع کرائیں اور ووٹر فہرست کو درست، جامع اور شفاف بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔


Share: