ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / ڈی کے شیوکمار کا اپوزیشن پر حملہ، ’اسمبلی میں کانگریس کا سامنا کرنے کی طاقت نہیں‘

ڈی کے شیوکمار کا اپوزیشن پر حملہ، ’اسمبلی میں کانگریس کا سامنا کرنے کی طاقت نہیں‘

Mon, 24 Aug 2026 12:09:48    S O News

بنگلورو ، 24/ اگست (ایس او نیوز /ایجنسی) وزیرِ اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے اپوزیشن پر اسمبلی اجلاس کی کارروائی میں خلل ڈالنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن میں اسمبلی کے اندر کانگریس کا سیاسی طور پر سامنا کرنے کی طاقت نہیں ہے، اسی لیے وہ اجلاس کی کارروائی میں رکاوٹیں پیدا کررہی ہے۔ وہ اتوار کو فریڈم پارک میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کررہے تھے۔

ریاستی وزیر ناگیندر کے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے اپوزیشن کی جانب سے پیر کو ودھان سودھا کے سامنے احتجاج کی تیاریوں سے متعلق سوال پر ڈی کے شیوکمار نے کہا کہ ریاست میں قانون کی حکمرانی ہے اور قانونی دائرے میں رہتے ہوئے احتجاج کرنے کی مکمل گنجائش موجود ہے۔

انہوں نے اپوزیشن پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بغیر کسی پیشگی نوٹس کے اسمبلی کی کارروائی کو متاثر کرنا مناسب نہیں۔ اپوزیشن کا احتجاج کرنا غلط نہیں، لیکن اسے باقاعدہ نوٹس دے کر اسمبلی میں مسئلہ اٹھانا اور اس پر بحث کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر کے استعفے کا مطالبہ کیوں کیا جارہا ہے، اس پر بحث کرنے کے لیے اپوزیشن میں صبر نہیں ہے۔

ڈی کے شیوکمار نے اپوزیشن کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملک میں اب تک کتنے وزراء اور مرکزی وزراء کے خلاف مقدمات درج ہیں، اس کی تفصیلات عوام کے سامنے پیش کرے۔

انہوں نے ذرائع ابلاغ سے بھی کہا کہ وہ دستاویزات کی بنیاد پر یہ سوال اٹھائیں کہ ملک میں کن وزراء اور کن وزرائے اعلیٰ کے خلاف کتنے مقدمات زیرِ التوا ہیں اور اپوزیشن نے ایسے کتنے وزراء اور وزرائے اعلیٰ کے استعفے کا مطالبہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کانگریس میں درج فہرست ذاتوں اور درج فہرست قبائل سے تعلق رکھنے والے تقریباً 15 ارکانِ اسمبلی منتخب ہوئے ہیں، جس کی وجہ سے اپوزیشن میں حسد پایا جاتا ہے۔ ان کے مطابق اپوزیشن جماعت میں درج فہرست قبائل سے کوئی نمایاں رہنما ابھر کر سامنے نہ آنے کی وجہ سے بھی ناراضی پیدا ہوئی ہے اور اسی عدم اطمینان کے تحت اس طرح کے احتجاج کیے جارہے ہیں۔

وزیراعلیٰ سے صنعت کار گوتم اڈانی کی ملاقات کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر ڈی کے شیوکمار نے کہا کہ ان کے وزیراعلیٰ بننے کے بعد گوتم اڈانی نے خیر سگالی ملاقات کی اور مختلف امور پر ان سے بات چیت کی۔


Share: