بنگلورو، 12/ جولائی (ایس او نیوز /ایجنسی) وزیرِ اعلیٰ ڈی۔کے۔ شیوکمار نے سرکاری ملازمین پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ جو لوگ اپنی مشکلات لے کر سرکاری دفاتر آتے ہیں، ان کے ساتھ انسانی ہمدردی اور خلوص کے ساتھ پیش آیا جائے اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے ان کے مسائل کے حل کی ہر ممکن کوشش کی جائے۔
وہ ہفتہ کے روز پیالیس گراؤنڈ میں کرناٹک ریاستی سرکاری ملازمین انجمن کی جانب سے منعقدہ تہنیتی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ جس طرح لوگ اپنی دعاؤں اور خواہشات کے لیے عبادت گاہوں کا رخ کرتے ہیں، اسی طرح اپنے مسائل کے حل کے لیے سرکاری ملازمین، ارکانِ اسمبلی اور وزراء سے رجوع کرتے ہیں۔ ایسے میں عوام کی خدمت ہی سب سے بڑی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عہدہ کسی انسان کو بڑا نہیں بناتا بلکہ اس عہدے کے وقار اور ذمہ داری کو نبھانے کا انداز ہی اس کی اصل پہچان ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت دیانت داری اور اخلاص کے ساتھ انجام دی جائے، کیونکہ سرکاری ملازمین ریاست کے حقیقی نمائندے ہیں اور عوام کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے میں ان کا کردار نہایت اہم ہے۔
وزیرِ اعلیٰ نے اعلان کیا کہ عوامی مسائل کے فوری حل اور حکومت کو عوام کی دہلیز تک پہنچانے کے مقصد سے "پرجا سیوا" کے نام سے ایک علیحدہ محکمہ قائم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تمام وزراء ہر ماہ پہلے اور تیسرے ہفتہ کو مختلف تعلقہ دفاتر کا دورہ کرکے عوامی شکایات سنیں گے اور ان کے ازالے کے لیے اقدامات کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو دفاتر کے چکر لگوانے کے بجائے قانون کے مطابق ان کی مدد کرنے کا جذبہ پیدا کیا جانا چاہیے۔ جمہوری نظام میں سرکاری ملازمین انتظامیہ کے مضبوط ستون ہیں اور ان کی دیانت دارانہ خدمات ہی حکومت کی کامیابی کی بنیاد بنتی ہیں۔
ڈی۔کے۔ شیوکمار نے کہا کہ حکومت اور ملازمین کے درمیان باہمی اعتماد انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوامی فلاح کے لیے متعدد اصلاحی اقدامات کر رہی ہے اور ریاست میں نافذ پانچ ضمانتی اسکیمیں ملک بھر کے لیے ایک مثال بن چکی ہیں۔
سرکاری ملازمین کے مطالبات کا ذکر کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ حکومت ان کے تمام مطالبات پر سنجیدگی سے غور کرے گی۔ متعلقہ کمیٹی کی رپورٹ موصول ہونے کے بعد کابینہ میں اس پر بحث کی جائے گی اور ملازمین کے نمائندوں سے بھی مشاورت کی جائے گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت اپنے دائرۂ اختیار میں رہتے ہوئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پرانی پنشن اسکیم اور نئی پنشن اسکیم سے متعلق معاملات بھی حکومت کی توجہ میں ہیں اور ان پر مناسب وقت پر فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے وعدوں کی پاسداری پر یقین رکھتی ہے اور ملازمین کے ساتھ کیے گئے وعدے نبھائے جائیں گے۔
وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ حکومت اور سرکاری ملازمین کا تعلق باہمی اعتماد پر قائم ہے اور ریاست کی ترقی کے لیے دونوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے ریاست میں اچھی بارش، خوشحالی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔