ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / نیٹ تنازع: ملک کے طلبہ کے مستقبل کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا، ڈی کے شیوکمار

نیٹ تنازع: ملک کے طلبہ کے مستقبل کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا، ڈی کے شیوکمار

Sat, 25 Jul 2026 11:12:45    S O News

بنگلورو، 25/ جولائی (ایس او نیوز /ایجنسی) وزیرِ اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے کہا ہے کہ نیٹ امتحان کے معاملے پر طلبہ کی ملک گیر احتجاجی تحریک کے بعد مرکزی حکومت اور وزیرِ اعظم نریندر مودی کی جانب سے تعلیمی نظام پر غور و خوض کا آغاز ایک مثبت پیش رفت ہے۔

بنگلورو ٹیک سمٹ کے موقع پر منعقدہ چیف ایگزیکٹو افسران کی ناشتے کی نشست کے بعد ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ اگرچہ اس معاملے پر مرکزی حکومت نے تاخیر سے توجہ دی، تاہم ملک کے تعلیمی نظام اور طلبہ کے مستقبل پر سنجیدہ بحث کا آغاز خوش آئند ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج پورا ملک بیدار ہو چکا ہے اور ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ ملک کے طلبہ اور نوجوانوں کے بہتر مستقبل کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

تمل ناڈو کے وزیرِ اعلیٰ کی جانب سے موصول ہونے والے خط اور ممکنہ مشاورت سے متعلق سوال پر ڈی کے شیوکمار نے کہا کہ فی الحال وہ اس بارے میں تفصیلات ظاہر نہیں کرنا چاہتے، کیونکہ اس وقت ریاستی کابینہ میں توسیع اور دیگر اہم سرکاری امور میں مصروف ہیں۔

وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ بعض اہم معاملات پر حکومت سبھی فریقوں سے بات چیت، مشاورت اور تعاون کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی مفاد اور طلبہ کے مستقبل سے متعلق ہر معاملے میں باہمی اتفاقِ رائے کے ساتھ آگے بڑھنے کی کوشش کی جائے گی۔


Share: