بنگلورو ، 13/ جون(ایس او نیوز /ایجنسی) ریاستی وزیر داخلہ، اطلاعات، بایو ٹیکنالوجی اور ای۔گورننس پریانک کھرگے نے کہا ہے کہ سڑکوں پر محفوظ ٹریفک نظام، ٹریفک قوانین کے مؤثر نفاذ اور ٹریفک پولیس کی کارکردگی میں مزید بہتری کے لیے ایک جامع لائحۂ عمل تیار کیا جائے گا۔
وزیر موصوف نے آج بنگلورو ٹریفک پولیس مینجمنٹ سینٹر کا دورہ کیا اور شہر میں ٹریفک کی موجودہ صورتحال، انتظامی چیلنجوں اور جدید ٹریفک مینجمنٹ نظام کے بارے میں اعلیٰ پولیس افسران کے ساتھ تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔ اس موقع پر افسران نے انہیں ٹریفک انتظامات اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے متعلق بریفنگ دی۔
پریانک کھرگے نے کہا کہ بنگلورو میں جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ٹریفک نظام کو مؤثر انداز میں چلایا جا رہا ہے، تاہم مستقبل میں ٹریفک پولیس کی کارکردگی اور نگرانی کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔
اجلاس میں سینئر پولیس افسران نے بتایا کہ بنگلورو کی آبادی میں سالانہ 3.7 فیصد اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ گاڑیوں کی تعداد میں سالانہ 10 فیصد کی شرح سے اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ روزگار، صنعت اور اقتصادی سرگرمیوں کے اعتبار سے ملک کے اہم شہروں میں شمار ہونے والا بنگلورو ایک منظم اور مؤثر ٹریفک مینجمنٹ نظام رکھتا ہے۔
افسران کے مطابق بنگلورو ٹریفک پولیس چار ڈویژنوں کے تحت 53 ٹریفک پولیس اسٹیشنوں کے ذریعے خدمات انجام دے رہی ہے۔ شہر میں تقریباً ایک کروڑ پچیس لاکھ رجسٹرڈ گاڑیاں موجود ہیں، جبکہ ٹریفک پولیس تقریباً 14 ہزار کلومیٹر طویل سڑکوں کے جال پر ٹریفک کی نگرانی اور انتظام سنبھال رہی ہے۔
دورے کے دوران وزیر داخلہ نے ٹریفک پولیس میوزیم کا بھی معائنہ کیا اور کیمرہ ٹریکنگ اینڈ مانیٹرنگ سیکشن کا دورہ کرکے وہاں جاری کارروائیوں اور نگرانی کے نظام کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل اور انسپکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی و آئی جی پی) ڈاکٹر ایم۔ اے۔ سلیم، آئی پی ایس سمیت ٹریفک پولیس اور محکمہ داخلہ کے اعلیٰ افسران موجود تھے۔
وزیر داخلہ نے اس بات پر زور دیا کہ شہریوں میں ٹریفک قوانین کے بارے میں شعور بیدار کرنے کے ساتھ ساتھ قانون شکنی کے خلاف مؤثر کارروائی بھی ضروری ہے تاکہ بنگلورو میں محفوظ، منظم اور سہل ٹریفک نظام کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔