کاروار،24/ نومبر (ایس او نیوز)ریاستی مہیلا آیوگ کی صدر ناگ لکشمی چودھری نے کاروار سرکاری بس اسٹینڈ کے احاطے میں خواتین اور بچوں کی حفاظت کے انتظامات اور عام مسافروں کو دستیاب بنیادی سہولتوں کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو اس ضمن میں ضروری اقدامات کرنے ہدایت دی ۔
اس موقع پر انہوں نے بس اسٹینڈ کے احاطے میں موجود بیت الخلاء استعمال کرنے پر وصول کیے جانے والے چارجس کے تعلق سے ناراضی کا اظہار کیا اور افسران سے پوچھا کہ جب خواتین کو سرکاری بسوں میں مفت سفر کرنے کی سہولت دی گئی ہے تو پھر بس اسٹینڈ کے احاطے میں موجود بیت الخلاء استعمال کرنے پر ان سے غیر قانونی طور پر دس روپے چارج کیوں لیا جاتا ہے ؟ اس کے علاوہ گزشتہ تقریباً 23 سال سے بیت الخلاء کی صفائی پر مامور خاتون کو نہایت معمولی تنخواہ دیے جانے پر بھی انہوں نے ناراضی جتائی اور متعلقہ افسران کو آڑے ہاتھوں لیا ۔ انہوں نے لیبر ڈپارٹمنٹ کے افسران کو ہدایت دی کہ صفائی کرمچاریوں کو ضابطے کے مطابق تنخواہ ادا کرنے اور اب تک ضابطے کے مطابق تنخواہ ادا کرنے والے ٹھیکیدار کے خلاف کارروائی کرنے کی بھی ہدایت دی ۔
انہوں نے کے ایس آر ٹی سی کے افسران کو بس اسٹینڈ میں موجود ہیلپ لائن نمبر واضح اور نمایاں انداز میں ظاہر کرنے، مدت سے بند پڑے ہوئے پینے کے صاف پانی کے یونٹ کو درست کرنے ، احاطے میں سی سی ٹی کیمروں کی تعداد میں اضافہ کرنے اور فوٹیج کے بیک اپ کی مدت کو 3 مہینے تک بڑھانے، خواتین کے ویٹنگ روم کی صفائی اور وہاں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لئے ضروری اقدامات کرنے کی سخت ہدایات دیں ۔
مہیلا آیوگ کی صدر کے دورے اور جائزے کے موقع پر ایک عجیب واقعہ یہ بھی پیش آیا کہ مردوں اور عورتوں کی بیت الخلاء کی نشاندہی کرنے والے واضح علامات اور بورڈ نہ ہونے کی وجہ سے دو برقعہ پوش مسلم خواتین غلطی سے مردوں کے بیت الخلا ء میں گھستی ہوئی نظر آئیں ۔ یہ منظر دیکھ کر انہوں نے فوراً دیگر خواتین کے ذریعے ان برقعہ پوش خواتین کو باہر بلانے اور خواتین کے بیت الخلاء کی طرف بھیجنے کا کام کیا گیا ۔
اس واقعہ پر اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے مہیلا آیوگ کی صدر ناگ لکشمی نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ فوری طور پر مردوں اور خواتین کے بیت الخلاء کی نشاندہی کرنے والے بورڈ نمایاں طریقے سے وہاں پر لگائے جائیں اور اس پر یہ سہولت مفت ہونے کی بات بھی واضح طور ظاہر کی جائے ۔