بنگلورو، 25/ اگست (ایس او نیوز /ایجنسی) کرناٹک ریاستی محکمہ محصولات کے گرام سہایاکوں کی تنظیم کی جانب سے اپنے مختلف مطالبات کی حمایت میں بنگلورو کے فریڈم پارک میں جاری احتجاج کے مقام پر نائب وزیرِ اعلیٰ اور وزیرِ محصولات ڈاکٹر جی. پرمیشور نے پیر کے روز پہنچ کر احتجاجی کارکنوں سے ملاقات کی اور ان کا مطالباتی یادداشت نامہ وصول کیا۔
اس موقع پر احتجاجی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر جی. پرمیشور نے کہا کہ گرام سہایاکوں کی جانب سے پیش کیے گئے مطالبات جائز ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ کارکنوں کو درپیش مسائل اور مشکلات کے سلسلے میں وزیراعلیٰ سے بات چیت کرکے انہیں حل کرنے کے لیے ہر ممکن اور سنجیدہ کوشش کی جائے گی۔
نائب وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ گرام سہایاکوں کی جانب سے جاری احتجاج کے بارے میں وہ پہلے ہی وزیراعلیٰ کو آگاہ کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ ایک یا دو دن میں تنظیم کے 5 یا 6 نمائندوں کو اپنے دفتر میں مدعو کرکے ان کے مسائل پر تفصیلی بات چیت کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس ملاقات کے بعد تنظیم کے نمائندوں کو وزیراعلیٰ سے بھی ملاقات کرانے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ گرام سہایاکوں کے جائز مطالبات کے معاملے میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور مسائل کے حل کے لیے اپنی جانب سے بھرپور تعاون کریں گے۔
ڈاکٹر جی. پرمیشور کی یقین دہانی کے بعد احتجاجی کارکنوں کو اپنے مطالبات کے سلسلے میں حکومت کی جانب سے مثبت پیش رفت کی امید پیدا ہوئی۔