ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / وِراَج پیٹ میں گنیش وسرجن جلوس کے دوران بجلی کا جھٹکا، پانچ زخمی؛ دو کی حالت تشویشناک

وِراَج پیٹ میں گنیش وسرجن جلوس کے دوران بجلی کا جھٹکا، پانچ زخمی؛ دو کی حالت تشویشناک

Sat, 26 Sep 2026 11:41:29    S O News
وِراَج پیٹ میں گنیش وسرجن جلوس کے دوران بجلی کا جھٹکا، پانچ زخمی؛ دو کی حالت تشویشناک

مڈیکیری، 26 ستمبر (ایس او نیوز): کرناٹک کے کوڈگو ضلع کے وِراَج پیٹ میں گنیش مورتیوں کے وسرجن جلوس کے دوران بجلی کا جھٹکا لگنے سے پانچ افراد زخمی ہوگئے، جن میں دو کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔

یہ حادثہ جمعہ کی نصف شب اس وقت پیش آیا جب گنیش مورتیوں کو وسرجن کے لیے جلوس کی شکل میں لے جایا جارہا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ جلوس میں شامل ایک ڈی جے گاڑی کے اوپر موجود افراد، اوپر سے گزر رہی بجلی کی تار کی زد میں آگئے، جس کے بعد پانچ افراد متاثر ہوئے۔

حادثے میں ہبلی-دھارواڑ سے تعلق رکھنے والے بسواراجو سمیت دو افراد کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ دونوں کو ابتدائی علاج کے بعد مزید علاج کے لیے میسور منتقل کیا گیا ہے، جبکہ دیگر تین زخمیوں کو مدیکیری کے ضلعی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

حادثے کے دوران ایک شخص کے کپڑوں میں آگ لگ گئی، جبکہ دو افراد بجلی کا جھٹکا لگنے کے بعد موقع پر ہی بے ہوش ہوگئے۔ واقعے کے بعد جلوس میں موجود افراد نے متاثرین کو فوری طور پر اسپتال پہنچایا۔

اطلاع ملنے پر کوڈگو ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ آر۔ این۔ بندومنی اور دیگر پولیس افسران نے جائے حادثہ کا معائنہ کیا۔ وِراَج پیٹ کے رکن اسمبلی اے۔ ایس۔ پوننا نے بھی اسپتال پہنچ کر زخمیوں کی عیادت کی اور ڈاکٹروں سے ان کی صحت کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔


Share: