ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / دہلی-این سی آر میں سردی کا زور ٹوٹا، ہماچل اور جموں کشمیر میں بارش کا امکان

دہلی-این سی آر میں سردی کا زور ٹوٹا، ہماچل اور جموں کشمیر میں بارش کا امکان

Sun, 09 Feb 2025 11:30:23    S.O. News Service

نئی دہلی ،9/فروری (ایس او نیوز /ایجنسی)دہلی-این سی آر میں موسم میں نمایاں تبدیلی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ صبح کے وقت ہلکی دھوپ نکلنے سے سردی کی شدت میں کمی آئی ہے، جبکہ دوپہر میں تیز دھوپ کی وجہ سے درجہ حرارت میں اضافہ محسوس کیا جا رہا ہے۔ ادھر، محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ ہماچل پردیش اور جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارش ہونے کا امکان ہے، جس کے سبب وہاں سردی میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

اتر پردیش کی بات کی جائے تو یہاں زیادہ تر علاقوں میں موسم صاف رہنے کا اندازہ ہے۔ حالانکہ ریاست کے کئی حصوں میں تیز ہواؤں کا اثر ہے۔ دن میں اچھی دھوپ نکل رہی ہے لیکن آگے کچھ دنوں میں کانپور، لکھنؤ، آگرہ، علی گڑھ، جونپور، وارانسی، پریاگ راج، بریلی، دیوریا اور جھانسی و میرٹھ اور سہارنپور میں ویسٹرن ڈسٹربینس کا اثر دیکھنے کو مل سکتا ہے۔

راجستھان میں موسم خشک ہے۔ سیکر ضلع کا فتح پور 3.2 ڈگری سیلسیس کے ساتھ سب سے ٹھنڈا مقام رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتہ کی صبح کرولی میں کم سے کم درجہ حرارت 4.3 ڈگری، دوسا میں 4.6 ڈگری، ریاست کے واحد پہاڑی سیاحتی مقام ماؤنٹ آبو میں 5.2 ڈگری، چورو میں 5٫6 ڈگری اور لون کرنسر میں 5.7 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ دوسری طرف ہریانہ اور پنجاب کے موسم میں اُتار-چڑھاؤ جاری ہے۔ 9 سے 11 فروری تک بارش پنجاب-ہریانہ بارڈر کی طرف جا سکتی ہے۔ 9 اور 10 فروری کو بادل چھائے رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

ادھر بہار میں بھی دن بھر تیز ہوائیں چل رہی ہیں جس سے ہلکے ٹھنڈ کا احساس ہو رہا ہے۔ لیکن دن میں کھلی دھوپ سے گرمی پیدا ہو رہی ہے۔ حالانکہ اگلے 24 گھنٹوں میں موسم بدلنے کا اندازہ لگایا گیا ہے۔ مغربی ہمالیائی علاقے میں فعال ہو رہے ویسٹرن ڈسٹربینس سے کم سے کم درجہ حرارت 3 سے 5 ڈگری سیلسیس تک گرنے کا امکان ہے۔


Share: